جہلم(چوہدری عابد محمود +عمیراحمدراجہ)جہلم سپرٹنڈنگ انجینئر آئیسکو سرکل جہلم شہزاد فیصل نے کہا ہے کہ بارشوں کے موسم میں حادثات کے خطرات بڑھ جاتے ہیں لہذ اعوام الناس حفاظتی اقدامات پر سختی سے عمل کریں، اپنے بچوں اور مویشیوں کو بجلی اورواپڈا کی تنصیبات کھمبوں و تاروں وغیرہ سے دور رکھیں، کسی بھی جگہ ٹوٹی ہوئی یا خطر ناک تا رد دیکھیں تو فوراً اس کی اطلاع متعلقہ سب ڈویژن میں دیں کیونکہ انسانی جان سے بڑھ کر کچھ نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز جہلم پریس کلب کے نمائندہ وفد سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سپرٹنڈنگ انجینئر نے کہا کہ بجلی صارفین کے بے حد مشکور ہیں جو بجلی سے متعلقہ شکایات کے ازالے پر ہماری کوششوں کو سراہتے ہیں اور ہماری حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزارت توانائی (پاور ڈویژن) کی ہدایات پر صارفین کی بجلی سے متعلقہ شکایات کا فوری ازالہ ہماری ذمہ داریوں میں شامل ہے، انہوں نے کہا کہ آئیسکو سرکل میں آن لائن کچہریوں کا سلسلہ شروع ہے اور ان کے انعقاد سے صارفین کی بجلی سے متعلقہ شکایات میں واضع کمی آئی ہے۔ آن لائن کچہریوں کے دوران آئیسکو ریجن کے تمام اضلاع کے متعدد صارفین نے اپنے بجلی سے متعلق مسائل بیان کرنے شروع کررکھے ہیں۔ جن کے حل کیلئے چیف ایگزیکٹو آئیسکو اسلام آباد موقع پر احکامات جاری کرتے ہیں اور اگلے 24 گھنٹوں میں اس کی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایات کی جاتی ہے، انہوں نے صارفین سے اپیل کی کہ ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے اپنے بجلی کے بلوں کے واجبات کی بروقت ادائیگی کو یقینی بنائیں تا کہ بلا تعطل بجلی کی فراہمی کا سلسلہ جاری رکھا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ صارفین کو بجلی کی مسلسل فراہمی کیلئے بجلی چوری کے خاتمے کو یقینی بنانا ہوگا جس کیلئے آئیسکو کا ہر سپاہی دن رات کے فرق کے بغیر میدان عمل میں ہے۔
0