0

اتحادی جماعتیں عام انتخابات سے بھاگ رہی ہیں: بلاول بھٹو

بلاول بھٹو زرداری
پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی ) کے چیئرمین اور سابق وفاقی خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اتحادی جماعتیں خوفزدہ ہیں، عام انتخابات سے بھاگ رہے ہیں، ہم کندھے پر لاشیں اٹھاکر الیکشن لڑنے کے عادی ہیں، ہم الیکشن سے نہیں بھاگیں گے، کیونکہ جب آپ الیکشن نہیں لڑتے تو آپ کی سیٹ کوئی اور لیجاتا…

حیدر آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ آج کافی عرصے بعد اپنے شہر واپس آیا ہوں اور اپنے ساتھیوں کے ساتھ موجود ہوں، حیدر آباد کے عوام نے ہمیں کبھی مایوس نہیں کیا، قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو آپ کے پاس آئے تو آپ نے ان کا ہاتھ تھاما، آپ نے بینظیر بھٹو کا ساتھ دیا اور انہیں دو بار وزیر اعظم بنایا حالانکہ لوگ کہتے تھے کہ خاتون وزیر اعظم نہیں بن سکتی اور مسلم ملک میں حکمرانی نہیں کر سکتی۔

سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہم نے ایک نالائق اور سلیکیٹڈ کو آپ کی حمایت سے نکالا، ہم اگر عدم اعتماد میں کامیاب ہوئے ہیں تو اس سے ملک کا فائدہ ہوا ہے، آج سب کو نظر آ رہا ہے کہ وہ شخص ملک دشمن ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ آئندہ الیکشن اپنی کامیابیوں اور منشور پر لڑیں گے، عوامی طاقت سے پاکستان تحریک انصاف اور سلیکٹڈ کو شکست دیں گے، کٹھ پتلی سیاستدانوں اور سیاسی یتیموں کا صفایا کریں گے، آپ پیپلز پارٹی کا ساتھ دیں گے تو ہم مسائل کا حل نکالیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ جناح ہاؤس پر حملہ کرنے والوں کو پیغام ہے کہ جیالے ڈرتے نہیں ہیں، ڈرنا اور پیچھے ہٹنا پیپلز پارٹی کی ٹریننگ میں شامل نہیں ، 18 ماہ سے اتحادیوں کو کہہ رہا ہوں کہ آپ ڈریں گے تو مریں گے، جب آپ الیکشن سے بھاگتے ہیں تو آپ کی جگہ کوئی اور آ کر لے لیتا ہے، اگر ہمارے اتحادی الیکشن سے بھاگ رہے ہیں تو بھاگیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج میں آپ سے کچھ مانگنے نہیں کچھ دینے آیا ہوں، کراچی سے لے کر کشمیر تک عوام پانی کے لئے ترس رہے ہیں، حیدر آباد کے شہریوں کو اب پینے کا صاف پانی ملے گا، ہم نے ہر گاؤں اور ہر گھر تک صاف پانی پہنچانا ہے۔

پی پی چیئرمین کا کہنا تھا کہ عوامی سہولت کے لئے بس سروسز شروع کیں، پیپلز سروس منصوبے کا دائرہ ملک بھر میں پھیلائیں گے، سیلاب کی وجہ سے سندھ میں سب سے زیادہ نقصان ہوا، ہم نے سیلاب متاثرین کو گھر دینے کا منصوبہ بنایا جو ابھی رکا ہوا ہے اور ہم اس پر ناراض ہیں، ہم دیگر صوبوں کے لئے بھی ایسا منصوبہ لانا چاہتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے دور میں ایک جج لوگوں کے گھر گرانے پر تلا ہوا تھا، ہم حیدرآباد کی 12 کچی آبادیوں کو مالکانہ حقوق دیں گے، موقع ملا تو اپنے نانا کے خواب کو پورا کروں گا، باقیوں کو پلاٹس مل سکتے ہیں تو پھر غریبوں کو بھی مل سکتے ہیں۔

 

اپنا تبصرہ بھیجیں