اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عرفان قادر کا کہنا تھا ہمیں آئین کو فوقیت دینی ہے، دنیا میں جہاں بھی جمہوریت ہے وہاں پر ادارے اپنے دائرے میں رہتے ہوئے کام کرتے ہیں، آئین پاکستان میں لکھا ہے کہ حاکمیت صرف اللہ کی ہے، ہمیں آئین کی عزت و تکریم کرنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا ہرگز یہ منصب نہیں کہ سپریم کورٹ کے پیغامات دنیا کو پہنچائے، وزیراعظم کسی عدالت کو جوابدہ نہیں ہے، وہ بھی ایک وقت تھا جب پاکستان میں سیاسی انجنیئرنگ ہوئی، یوسف رضا گیلانی اور نواز شریف کی حکومتوں کو عدالتوں نے گھر بھیج دیا۔
ان کا کہنا تھا پانامہ کیس میں آئین و قانون کی خلاف ورزی کی گئی، آئین میں تاحیات نااہلی کا ذکر نہیں لیکن نواز شریف کو تاحیات نااہل کیا گیا، آرٹیکل 62، 63 میں متعلقہ فورم کی نشاندہی کی گئی ہے۔
مشیر وزیراعظم کا کہنا تھا یوسف رضا گیلانی پر توہین عدالت لگا دی گئی، سپریم کورٹ کا یوسف رضا گیلانی کے خلاف فیصلہ صریحاً خلاف قانون تھا، پانامہ کیس میں نواز شریف کے خلاف کیسز بنے، عمران خان پانامہ کیس کے بعد پاکستان کے وزیراعظم بنے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ کے حکم سے پنجاب حکومت گر گئی، پنجاب اسمبلی میں منحرف اراکین کے ووٹ کو شمار نہیں کیا گیا، اس طرح پنجاب میں حمزہ شہباز کی حکومت گرا دی گئی۔
ان کا کہنا تھا صدر اور گورنر کو انتخابات کی تاریخ دینے کا حق نہیں ہے، صدر اور گورنر کی جانب سے انتخابات کی تاریخ دینا خلاف آئین ہے۔