جہلم(چوہدری عابد محمود +عمیراحمدراجہ)جہلم ہم نے ہمیشہ خدمت کی سیاست کی ہے اور بلا تفریق لوگوں کی زندگیوں میں بہتری لانے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے، پی پی 25 کے غیور، نڈر، دلیر، باغیرت عوام نے میرے اوپر اعتماد کیا اور مجھے موقع دیا تو حلقہ کے لوگوں کے مسائل حل کرنے کیلیئے دن رات ایک کر دینگے، ہم نفرتوں کا بیج بو کر لوگوں کے درمیان تنازعات کھڑے کر کے اپنی سیاسی چوہدراہٹ کو قائم کرنے کے انداز سیاست کو کسی صورت تسلیم نہیں کرتے، ہم گروپ بندیاں اور دھڑے بندیاں قائم کر کے لوگوں کو آپس میں لڑا کر اپنے اقتدار کو طول دینے کی جتنی بھی ماضی کی مثالیں موجود ہیں ہم ان کو سختی سے رد کرتے ہیں اور ایسے عناصر کو چوک چوراہوں میں پوری طرح بے نقاب کرینگے، جو عوامی خدمت کا نعرہ لگا کر ذاتی مفادات کی سیاست کرتے رہے، تجوریاں بھرتے رہے، اپنا بینک بیلنس اور جائیدادیں بناتے رہے اور لوگوں کے حقوق کو پامال کرتے رہے انہیں حلقے کے عوام نے مسترد کردیا۔ ضلع جہلم میں ہماری خدمت کی سب سے بڑی وجہ یہی ہے کہ ہمارا خاندان برادری تعلق رشتے وفاداری، اخلاص مروت کے مضبوط نشانات عوام میں موجود ہے، ضلع کے لوگوں کی محبت، وفاداری ہمیشہ ہمارے خاندان کے ساتھ رہی، ہم بھی کسی بھی موقع پر پیٹھ نہیں دکھائینگے، جولوگ نفرتوں کا بیج بوکر اپنی ذاتی چوہدراہٹ کیلیئے پارٹی کو تقسیم کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں، انہیں مایوسی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انشاء اللہ العزیز جولوگ بھی عمران خان کے ویژن کے ساتھ مخلصانہ انداز میں کھڑے ہیں، کامیابی انہی کا مقدر بنے گی اور بہت جلد اس بات کا فیصلہ ہو جائے گا کہ دنیا دیکھے کی کہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی کس طرح الگ ہوتا ہے، ہم نے وفاداری اور استقامت کی سیاست کی ہے اور اسی پر انشاء اللہ قائم ودائم رہینگے اور جولوگ صرف اور صرف ہرادا، اور ہر بات اول سے لے کر آخر تک اپنے ہی گھر اور اپنے ہی خاندان میں آکر ختم کرنے کی روش اپنائے ہوئے ہیں، آئندہ انہیں عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑے گا ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء امیدوار برائے حلقہ 25-PP چوہدری فوق شیر باز نے لدھڑ اپنی رہائش گاہ پر آئے ہوئے صحافیوں کے وفد سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا، چوہدری فوق شیرباز نے کہا کہ ہم عمران خان کے نظریاتی سپاہی ہیں اور جو بھی فیصلہ عمران خان کرینگے ہم اس فیصلے کو دل و جان سے تسلیم کرتے ہوئے اپنا تن من دھن لگا دینگے، انہوں نے کہا کہ میں حلقہ کے عوام کا بہت شکرگزار ہوں جو میرے ساتھ بے پناہ محبت کرتے ہیں، چوہدری فوق شیرباز نے کہا کہ جیت عمران خان کی ہوگی اس کی بنیادی وجہ ضلع جہلم کے باسی عمران خان کے ساتھ دل و جان سے پیار کرتے ہیں۔
0