جہلم(چوہدری عابد محمود +چوہدری ظفرنور)جہلم حکومت پنجاب نے جہلم سمیت صو بہ بھرمیں قائم میڈیکل یونیورسٹیوں، میڈیکل کالجز، ڈینز،ایچ اوڈیز،ایم ایس وسرکاری ہسپتالوں میں نوکری کرنے والے ڈاکٹرز، پروفیسرز، اور دیگر پرائیویٹ پریکٹس کرنے پر پابندی عائد کر دی،کلینکس کی اچانک چیکنگ کے دوران کوئی بھی سرکاری ڈاکٹر پرائیویٹ کلینکس پر پریکٹس کرتے پایا گیا تو اسے نوکری سے برخاست کردیا جائیگا۔تفصیلات کے مطابق جہلم سمیت پنجاب بھر میں موجود ڈاکٹروں کی پرائیویٹ پریکٹس پر پابند ی عائد کر دی گئی ہے۔اس سلسلہ میں نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیاہے۔ گزشتہ روز جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب کی تمام میڈیکل یونیورسٹیوں کے ڈینز،ایچ اوڈیز،ایم ایس سمیت دیگر پرائیویٹ پریکٹس کرنے پر پابندی لگا ئی گئی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ اس طرح کی ہدایت پہلے بھی کئی بار جاری کی جا چکی ہیں مگر ایچ اوز ڈیز، ایم ایس سرکاری ڈیوٹی کے علاوہ پرائیویٹ پریکٹس کرنا اپنا قانونی حق سمجھتے ہیں جس کیوجہ سے سرکاری ہسپتالوں میں ایمرجنسی آنے والے مریضوں کو آن کال سہولت دینے کی بجائے بڑے شہروں کے ہسپتالوں میں ریفر کردیا جاتا ہے سرکاری ہسپتالوں میں بطور ڈاکٹرز خدمات سرانجام دینے والے ڈاکٹرز نے اپنے پرائیویٹ ہسپتال قائم کررکھے ہیں جہاں سرکاری ہسپتالوں میں آنے والے مریضوں کو پرائیویٹ ہسپتالوں میں خصوصی توجہ کے ساتھ چیک کیاجاتا ہے اور بھاری فیسیں وصول کرلی جاتی ہیں۔شہری، سماجی،رفاعی، فلاحی، مذہبی تنظیموں کے عمائدین نے حکومت پنجاب کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیاہے کہ جاری نوٹیفیکیشن پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے تاکہ سرکاری ہسپتالوں میں غریب سفید پوش متوسط طبقہ سے تعلق رکھنے والے مریضوں کو صحت کی بہتر سہولیات میسر آسکیں۔
0