0

کسی کو بھی شہداء کی قربانیوں کو مجروح کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی: آئی ایس پی آر

آئی ایس پی آر
یوم تکریم شہداء کے موقع پر پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہےکہ کسی کو بھی شہداء کی لازوال قربانیوں کو مجروح کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی ،پاکستانی قوم شہداء اور ان کے قابل فخر خاندانوں کی مقروض رہے گی۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شہداء ہمارا فخر تھے، ہیں اور ہمیشہ رہیں گے،آج پوری قوم کے لیے ہر شہید کو خراج عقیدت پیش کرنے کا دن ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شہداء پاکستان ہمارے ہیرو اور ملک کا عظیم اثاثہ ہیں، شہداء کی لازوال قربانیاں وطن عزیز کی آنے والی نسلوں کیلئے مشعل راہ رہیں گی ،چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی،سروسز چیفس، ریٹائرڈ فوجی افسران،سول سوسائٹی کےنمائندوں نے بھی شہدائے پاکستان کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

دوسری جانب صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے بیان میں کہا کہ آج کے دن عہد کریں ہم اپنے بہادر شہداء کو کبھی نہیں بھولیں گے،ہمیشہ ان کی عزت کریں گے، قوم کے ان بہادر بیٹوں اور بیٹیوں سے اپنی لازوال محبت کا اظہار کرتے رہیں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں شہدائے پاکستان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا جس کے تحت 25 مئی کو’یوم تکریم شہدائے پاکستان‘ منانے کا اعلان کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں