0

کرم میں قیام امن کے لیے گرینڈ جرگہ ختم، فریقین جنگ بندی پر متفق، معاہدے پر دستخط ہو گئے

اسلام آباد (اے بی این نیوز)خیبرپختونخوا کے ضلع کرم میں قیام امن کے لیے 3 ہفتوں سے جاری گرینڈ جرگہ اختتام پذیر ہوگیا، جس میں دو قبائل کے درمیان امن معاہدہ طے پاگیا، فریقین نے معاہدے پر دستخط کردیے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق فریقین کے 45، 45 ارکان نے معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں جب کہ اس کا باضابطہ اعلان گورنر ہاؤس پشاور میں کیا جائے گا۔

معاہدے میں اس بات پر اتفاق کیا گیا ہے کہ لائسنس کے بغیر اسلحہ گھروں میں نہیں رکھا جائے گا، دونوں فریق بنکرز اور مورچوں کو ختم کریں گے، جب کہ حکومت نقصانات کی تلافی کرے گی۔معاہدے کے مطابق فریقین ایپکس کمیٹی کے فیصلوں کو تسلیم کرنے کے پابند ہوں گے۔

اس حوالے سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم پشاور کے صدر شبیر ساجدی نے کہا کہ کرم میں قیام امن کے لیے جنگ بندی پر اتفاق ہو گیا ہے۔جرگہ کے رکن ملک صواب نے میڈیا کو بتایا کہ فریقین کے درمیان معاہدہ طے پا گیا ہے جس کا باضابطہ اعلان گورنر ہاؤس پشاور میں کیا جائے گا۔

جرگہ کے ایک اور رکن رضا حسین نے کہا کہ سڑکیں کھولنے اور امن قائم کرنے کے لیے اب حکمت عملی بنائی جا رہی ہے۔جرگہ کے رکن کا کہنا تھا کہ اب جو بھی معاہدے کی خلاف ورزی کرے گا اسے حکومت کے حوالے کر دیا جائے گا، امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مدد کی جائے گی۔

واضح رہے کہ خیبرپختونخوا کے ضلع کرم میں دو قبائل کچھ عرصے سے آمنے سامنے ہیں اور اس دوران فائرنگ سے 200 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ کشیدگی میں اضافے کے باعث علاقے کی مرکزی شاہراہ بند کردی گئی ہے جس سے عوام کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا ہے جب کہ علاقے میں اشیائے ضروریہ کی بھی قلت پیدا ہوگئی ہے۔

مزید پڑھیں :مذاکرات مذاکرات نہیں کھیلنا چاہتے، ہم نے کوئی کمزوری نہیں دکھائی ، صاحبزادہ حامد رضا

The post کرم میں قیام امن کے لیے گرینڈ جرگہ ختم، فریقین جنگ بندی پر متفق، معاہدے پر دستخط ہو گئے appeared first on ABN News.