0

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو آج احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو آج احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا
القادر ٹرسٹ کیس میں مبینہ کرپشن کے الزام میں گرفتار پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کو آج احتساب عدالت کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ سيکيورٹی خدشات پر عدالت کو اسلام آباد پوليس ہيڈ کوارٹر منتقل کرديا گيا، عمران خان پر توشہ خانہ ريفرنس بھی عائد ہونے کا امکان ہے۔

چیئر مین پی ٹی آئی عمران خان کو نیب راولپنڈی سے پولیس لائنز اسلام آباد منتقل کر دیا گیا، منتقلی سکیورٹی انتظامات کے تحت عمل میں لائی گئی۔

رپورٹس کے مطابق عمران خان کے خلاف کیس کی سماعت آج اسلام آباد پولیس لائن گیسٹ ہاؤس میں ہوگی، نیوگیسٹ ہاؤس پولیس لائن کو ایک بار کیلئے عدالت کا درجہ دے دیا گیاجس کا نوٹفکیشن جاری کر دیا گیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز قومی احتساب بیورو (نیب) نے چیئرمین تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان کو گرفتار کیا۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان عسکری اداروں کے بیان بازی سمیت دیگر کیسز میں ضمانت کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیش ہوئے تھے جہاں ہائیکورٹ میں رینجرز کی بھاری نفری نے عمران خان کو حراست میں لیا۔

بعد ازاں اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان کی گرفتاری قانونی قرار دے دی ، چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق نے محفوظ فیصلہ سنایا جبکہ سیکرٹری داخلہ اور آئی جی اسلام آباد کو توہین عدالت کے نوٹس جاری کیے۔

اس کے علاوہ رجسٹرار ہائی کورٹ کو توڑ پھوڑ اور وکلا پر تشدد کی ایف آئی آر درج کرانے کا حکم دیا گیا۔