جہلم(چوہدری عابد محمود +چوہدری دانیال عابد)جہلم پی ٹی سی ایل کے پنشنرز کی پنشن میں بھی حاضر سروس سرکاری ملازمین کی طرح 35 فیصد اور 30 فیصد اضافہ کیا جائے، پنشنرز کی آمدن کا سارا دارو مدار پنشن پرہی ہوتا ہے، ایک سرکاری ملازم اپنی زندگی کے قیمتی سال حکومت پاکستان کی ملازمت میں گزارتے ہیں اور ریٹائرمنٹ کے بعد زیادہ تر وہ اپنے خاندان کی کفالت کے واحد ذمہ دار ہوتے ہیں جبکہ اس عمر میں وہ کوئی اور محنت مشقت کرنے کے قابل بھی نہیں ہوتے اس لیے پنشنرز کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک بند کیا جائے، ان خیالات کا اظہارپی ٹی سی ایل راولپنڈی ڈویژن ایمپلائز یونین کے سابق جنرل سیکرٹری چوہدری محمد نواز نے کیا، انہوں کہا کہ افسوس کی بات یہ ہے کہ پاکستان میں پی ٹی سی ایل کے ریٹائر ڈ40 ہزار کے قریب پنشنرز کے حقوق پر 2010 سے ڈاکہ ڈالا جارہا ہے۔انہوں نے موجودہ بجٹ پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف، وفاقی وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار پی ٹی سی ایل کے ریٹائرڈ ملازمین کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کا نوٹس لیں، چوہدری محمد نواز نے کہا کہ پی ٹی ای ٹی ادارے کو پابند کیا جائے کہ وہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے 2015 کے پی ٹی سی ایل پنشنرز کے حق میں ہونے والے فیصلوں پر عمل درآمد کو یقینی بنا کر 40 ہزار کے قریب پی ٹی سی ایل کے پنشنر ز کو انکی پنشن میں ہونے والی کٹوتی کے حقوق دلوائیں اور 35 فیصد پنشن میں اضافے کو یقینی بنایا جائے تاکہ پی ٹی سی ایل کے پنشنرز بہتر انداز میں اپنی زندگیاں بسر کر سکیں۔
0