مریم اورنگزیب نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا ہے کہ نوازشریف نے کہا ہے کہ میں امید کی کرن ساتھ لے کر آرہا ہوں، سب ٹھیک ہوجائے گا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ آج جھوٹ کا نہیں سچائی کا دن ہے، آج پاکستان میں محبت پھیلانے کا دن ہے، آج کا مجمع پاکستان اور خطے کی تاریخ کا سب سے بڑا مجمع ہو گا، پورے پاکستان سے لوگ پنڈال میں تشریف لا رہے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ دو دن سے پورا پاکستان جلسہ گاہ بنا ہوا ہے، پورے ملک سے قافلے لاہور پہنچ رہے ہیں، خواتین اور نوجوانوں کی بڑی تعداد مینارِ پاکستان کی طرف گامزن ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ نوازشریف کا آنا پاکستان کے لیے نئے عروج اور خوش حالی کی نوید ہے، نواز شریف کے دور میں امن تھا، روزگار تھا، بجلی کی فراہمی تھی، عوام کی طاقت اور مینڈیٹ کے ساتھ مہنگائی کم ہو گی، ترقی ہو گی، معاشرے میں نفرت، نا امیدی اور انتشار ختم ہو گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جن کو صرف میمز بنانے کی عادت ہے فیک نیوز بناتے ہیں ان کے لیے پیغام ہے، ان کے لیے مشورہ ہے کہ آج آرام کریں، مریم نواز اور حمزہ 3 بجے تک جلسہ گاہ میں پہنچ جائیں گے۔
مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ جلسہ گاہ میں فلسطین کا جھنڈا نوازشریف کے دل کی آواز ہے، یہ اظہار ہے کہ جلسے میں آنے والے عوام فلسطین کے ساتھ کھڑے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ 2017ء میں پاکستان میں مہنگائی تاریخ کی کم ترین سطح پر تھی، نوجوان کے پاس ڈگری کے ساتھ روزگار تھا، لوڈشیڈنگ نہیں تھی، پاکستان کے عوام آج مشکل میں ہیں،۔ مخالفین کو بھی پیغام ہے کہ آج عوام جشن منا رہے ہیں آپ بھی اس جشن میں شامل ہوں۔
مریم اورنگزیب کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہم اپنے مخالفین کو گالی نہیں دیتے، ہم عزت کرنے والے لوگ ہیں، تمام سیاسی جماعتوں کے مؤقف کی عزت کرتےہیں۔