قوم سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے اگست میں نگراں حکومت کو ذمہ داریاں حوالے کرنے کا بتاتے ہوئے کہا کہ اگست 2023 میں ہم معاملات نگراں حکومت کے سپرد کر دیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ملکی مفادات کی راہ میں بچھائی گئی بارودی سرنگیں صاف کیں، 15 ماہ میں چارسال کی بربادیوں کا ملبہ صاف کیا، معیشت، خارجہ تعلقات سمیت دیگر شعبوں میں لگی آگ بجھائی، اس عرصے میں ہم نے سیاست نہیں کی بلکہ ریاست کی حفاظت کی۔
شہباز شریف نے کہا کہ ووٹ بینک کی فکر نہیں کی اسٹیٹ بینک میں اضافے کی فکر کی، ہم ملکی معیشت کی بحالی میں مصروف تھے اور کچھ لوگ ملک کو ناکام بنانے میں مصروف تھے، پاکستان کے ڈیفالٹ کا خطرہ اور اُن کی ناپاک سازش مٹی میں مل چکی ہے۔
وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ اب وقت آ گیا ہے ہمیں اپنے پیروں پر کھڑا ہونا ہے، ملکی معیشت کی بحالی کیلئے جامع پروگرام بنا لیا گیا ہے، ملکی معیشت کی بحالی کے پروگرام کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وطن دشمن سازشوں کے باوجود ہم نے ہمت نہیں ہاری، اب ہمارے سامنے ایک ہی راستہ ہے کہ کشکول توڑ دیں، مقروض ہونا چھوڑ دیں، پوری قوم یکسو ہے کہ قرض کی زندگی نا منظور ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کو آئی ایم ایف سے ایک ارب 20 کروڑ ڈالر کی پہلی قسط موصول
شہباز شریف نے مزید کہا کہ پاکستان ڈیفالٹ کاخطرہ اوران کی ناپاک خواہش مٹی میں مل چکے، وطن دشمن سازشوں کےباوجودہمت نہیں ہاری اورپروگرام بحال کیا،سابق حکمران معاہدہ ناکام بنانےکی سازشوں میں مصروف تھے۔