0

نئے ٹریفک اہلکاروں کی بھرتیوں اور ان کی ذمہ داریاں سنبھالنے سے ٹریفک کے مسائل کافی حد تک بہتر ہو گئے

جہلم(چوہدری عابد محمود +سید ناصر محمود)جہلم ٹریفک پولیس میں نئے ٹریفک اہلکاروں کی بھرتیوں اور ان کی ذمہ داریاں سنبھالنے سے ٹریفک کے مسائل کافی حد تک بہتر ہو گئے،لیکن شہر کی سڑکوں، چوک چوراہوں سمیت شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر دکانوں کے آگے پختہ اور عارضی ریڑھی بانوں، پھڑی فروشوں، برگر شوار ما،فاسٹ فوڈ کے جہازی سائز کے کاونٹرز کی وجہ سے ٹریفک کی روانی میں مشکلات درپیش ہیں، شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوا زشریف، چیف سیکرٹری پنجاب، سیکرٹری بلدیات سے میونسپل کمیٹی کے شعبہ انکروچمنٹ کو فعال بنانے کا مطالبہ کردیا۔ تفصیلات کے مطابق ٹریفک پولیس میں نئے ٹریفک اہلکاروں کی بھرتیوں اور ان کے ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد ٹریفک کے مسائل میں کافی حد تک بہتری آئی ہے لیکن شہر کی سڑکوں، چوک چوراہوں سمیت شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر دکانوں کے آگے پختہ اور عارضی ریڑھی بانوں، پھڑی فروشوں، برگر شوار ما،فاسٹ فوڈ کے جہازی سائز کے کاونٹرز اور لوڈر رکشوں کی وجہ سے ٹریفک کی روانی میں مشکلات درپیش ہیں بالخصوص اندرون شہر کی سڑکوں جن میں ریلوے روڈ، مشین محلہ روڈ، اولڈ جی ٹی روڈ، جادہ روڈ، میجر اکرم شہید روڈ،ڈھوک جمعہ روڈ، ٹاہلیانوالہ روڈ، محمدی چوک، چوک گنبد والی مسجد، قبرستان چوک کے ا طراف تجاوزات کیوجہ سے ٹریفک کو آمدورفت میں دشواری کا سامنا کرنا پڑ تا ہے، دوسری جانب رہی سہی کسر نئی عمارتیں، پلازے کوٹھیاں تعمیر کرنے والوں نے تعمیراتی میٹریل سڑکوں، گلی محلوں کے عین وسط میں رکھ کر ساری کسر پوری کر رکھی ہے، تعمیراتی میٹریل سڑکوں پر پھیل جانے کے باعث دھول مٹی، بجری اور ریت کے زرے اڑنے سے شہریوں کو آشوب چشم، سانس کی بیماریوں میں اضافے کا باعث بن رہے ہیں، مذکورہ صورتحال کو جانتے ہوئے بھی میونسپل کمیٹی کے شعبہ تجاوزات کے ذمہ داران ڈنگ ٹپاؤ پالیسی پر گامزن ہیں، شہر کی سماجی، رفاعی، فلاحی تنظیموں کے عمائدین نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، چیف سیکرٹری پنجاب، سیکرٹری بلدیات سے میونسپل کمیٹی کے شعبہ انکروچمنٹ میں فرض شناس ایماندار افسران و اہلکار بھرتی کا مطالبہ کیا ہے جو بلا تفریق تجاوزات کے خلاف کاروائیاں کرنے کی سکت رکھتے ہوئے تجاوزات کا خاتمہ کریں تاکہ شہر کی سڑکیں کشادہ ہوں اور شہریوں کو آمدورفت میں آسانی پیدا ہو سکے۔