0

ملک پاکستان کلمہ حق کے نام پر وجود میں آیا ہے،دنیا کی کوئی طاقت اس کا بال بھی بیکا نہیں کر سکتی،امیر عبدالقدیر اعوان

دینہ (رضوان سیٹھی سے) ملک پاکستان کلمہ حق کے نام پر وجود میں آیا ہے،دنیا کی کوئی طاقت اس کا بال بھی بیکا نہیں کر سکتی یہ ان شاء اللہ قائم رہے گا،ہم ہر مسئلے کا حل اغیار سے پوچھتے ہیں اسلام کے سنہری اصولوں پر عمل کر کے دنیا و آخرت کی کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے، نبی کریم ﷺ نے جو احکامات ہمیں عطا فرمائے ہیں ان پر بحث و مباحثہ کرنا بے ادبی ہے ہمیں بحث کی نہیں بلکہ ان احکامات پر عمل کرنے کی ضرورت ہے،آج ہمارے پاس نبی کریم ﷺ کے ارشادات موجود ہیں لیکن ہم نے ان پر عمل چھوڑ دیا اس حکم عدولی نے ہمیں اغیار کے آگے ذلیل و رسوا کر دیا ہے،جب تک مسلمان اپنے بھولے ہوئے سبق پر واپس نہیں آئیں گے اُس وقت تک ہم ذبح ہوتے رہیں گے اور یہ مظالم ہم پر ڈھائے جاتے رہیں گے، امیر عبدالقدیر اعوان شیخ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ و سربراہ تنظیم الاخوان پاکستان کا دو روزہ ماہانہ روحانی اجتماع کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کریم نے ہم سب کو اختیار دیا ہے کہ ہم صحیح راہ کا انتخاب کریں،قیام صلوۃ کا اہتمام کریں اپنی اولاد کو دینی احکامات کا پابند بنائیں کیونکہ ہم سب اس وطن عزیز کی ایک اکائی ہیں اور ہمارا ہر مثبت عمل اس کی تعمیر کے لیے ہوگا،وطن عزیز قیامت تک قائم رہے گا دنیا کی کوئی طاقت اس کو ختم نہیں کر سکے گی،سلسلہ عالیہ سے منسلک احباب دنیا کے ہر کونے میں موجود ہیں اور دنیا میں اپنا مثبت کردار ادا کر رہے ہیں انہوں نے مزید کہا کہ ذکر قلبی اور کیفیات قلبی بندہ مومن کو اللہ کے روبرو کر دیتے ہیں،ذکر الٰہی سے عبادت میں خلوص اور خشوع و خضوع پیدا ہوتا ہے،اس سخت سردی کے موسم میں احباب کا یہاں آنا صرف اور صرف دین اسلام اور اپنی تربیت کے لیے ہے جہاں تہجد سے لے کر رات گئے تک کے ذکر و اذکار شامل ہیں،آخر میں انہوں اُمت مسلمہ کے اتحاد اور ملک و قوم کی سلامتی کے لیے اجتماعی دعا بھی فرمائی۔