جہلم(چوہدری عابد محمود +اسماعیل افتخار)جہلم ڈائریکٹر لائیو سٹاک راراولپنڈی ڈویژن راولپنڈی ڈاکٹر سیدہ نوید سحر زیدی اور ضلعی انتظامیہ جہلم کی ہدایات کی روشنی میں، ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک ضلع جہلم ڈاکٹر غلام مرتضی ارشد کی زیرٍنگرانی، محکمہ لائیو سٹاک جہلم نے جانوروں کی چچڑیوں کے خاتمے کے لیے خصوصی مہم شروع کر دی ہے۔جانوروں پر موجود چیچڑیاں جہاں جانوروں کی صحت کے لیے سخت نقصان دہ ہیں وہیں پر یہ انسانوں میں کانگو وائرس جیسے موذی امراض کے پھیلاؤ کا سبب بھی بنتی ہیں۔ عید الاضحی کی أمد کے تناظر میں جانوروں کی خرید و فروخت اور أمد و رفت میں بے پناہ اضافہ ہو جاتا ہے اس لیے محکمہ لائیو سٹاک جہلم نے میر پور أزاد کشمیر سے أنے والے مویشیوں پر چیچڑ مار سپرے کرنے کے لیے، منگلا پل پر کیمپ لگا رکھا ہے جہاں پر محکمہ لائیو سٹاک کی ٹیمیں 24 گھنٹے اور ہفتے میں ساتوں دن اس مہم کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اس چیک پوسٹ پر تمام مویشی بردار گاڑیوں کو روک کر جانوروں پر سپرے کیا جاتا ہے اور ان گاڑیوں پر شناختی سٹکر چسپاں کیا جاتا ہے نیز مالکان کے کوائف وغیرہ کا ریکارڈ بھی رکھا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ محکمہ لائیو سٹاک کا عملہ مویشی منڈیوں میں اور مذبحہ خانوں میں بیوپاری اور قصاب حضرات کو چچڑیوں سے پھیلنے والی ممکنہ بیماریوں اور ان سے بچاؤ کے حوالے سے خصوصی رہنمائی فراہم کر رہا ہے۔ اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے، ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو سٹاک تحصیل دینہ ڈاکٹر مسعود حسین نے کہا کہ مویشی پال حضرات کبھی بھی اپنے ہاتھوں سے جانوروں کے جسم پر موجود چچڑیوں کو نہ اتاریں۔ بلکہ چیچڑیوں کے خاتمے کے لیے جانوروں کے جسم اور ان کے باڑوں میں چیچڑ مار ادویات کا سپرے کریں۔
0