دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے جمعرات کو پریس بریفنگ میں کہا کہ گزشتہ روز سینیٹ اجلاس میں فلسطینیوں پر ہونے والے مظالم کے خلاف قرارداد منظور کی گئی، اقوام متحدہ کو غزہ میں محاصرے کے خاتمہ، بمباری روکنے اور انسانی بنیادوں پر کراسنگ کھولنے پر زور دینا چاہئے۔
ترجمان نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بھارتی مظالم جاری ہیں، گزشتہ ماہ بھارتی قابض افواج نے مقبوضہ کشمیرمیں 17 کشمیریوں کو شہید کیا، گزشتہ کئی دہائیوں سے کشمیریوں پر مظالم جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی ایجنسیاں پاکستان میں جاسوسی، دہشت گردی اور شر پسندی میں ملوث ہیں۔
ایک سوال کے جواب مین ممتاز زہرہ بلوچ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے خلاف ایمیگریشن منصوبہ پر عملد آمد شروع ہوگیا ہے۔ پاکستان نے ایک ماہ قبل غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو ملک چھوڑنے کی وارننگ جاری کر دی تھی۔
ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ وزیر اعظم 8 اور9 نومبر کو ازبکستان کے دارالحکومت تاشقند میں اقتصادی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس میں شریک ہوں گے، وزیر اعظم اجلاس میں شرکت کرنے والے رکن ممالک کے سربراہان سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔