0

غیر قانونی منی پٹرول ایجنسی مالکان اور دکانوں پر کھلے عام پٹرول کی فروخت کا کاروبار جاری

جہلم(چوہدری عابد محمود +سید ناصر حسین شاہ)جہلم محکمہ سول ڈیفنس کی ملی بھگت و نا اہلی یا غفلت شہر سمیت ضلع بھر کے علاقوں میں حفاظتی آلات کے بغیر کھلے عام کم پیمانہ زائد قیمت کے ساتھ غیر قانونی منی پٹرول ایجنسی مالکان اور دکانوں پر کھلے عام پٹرول کی فروخت کا کاروبار جاری۔ غیر قانونی منی پٹرول ایجنسیوں کے مالکان نے 282 روپے والا پٹرول 300 روپے فی لیٹرفروخت کر کے لوگوں کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنا شروع کررکھا ہے۔ سول ڈیفنس کے افسران وا ہلکار اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہے ہیں، شہریوں کا ارباب اختیار سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق شہر سمیت ضلع بھرکے علاقوں میں جگہ جگہ بااثرافراد نے غیر قانونی پٹرول ایجنسیاں قائم کر رکھی ہیں جبکہ ان غیر قانونی ایجنسیوں پر کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے کوئی حفاظتی آلات موجود نہ ہیں بلکہ غیر قانونی پٹرول ایجنسی مالکان ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مہنگائی اور بے روزگاری میں پسی ہوئی عوام کو تقریبا ً282 والا پٹرول 300 روپے فی لیٹر کے حساب سے فروخت کر کے حالات سے پریشان لوگوں کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنے میں مصروف عمل ہیں اس سنگین صورتحال کو جانتے ہوئے بھی سول ڈیفنس کے افسران واہلکاروں سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بھی آنکھیں بند کر رکھی ہیں گنجان آباداور دوردرازکے علاقوں میں کھلے عام غیر قانونی پٹرول ایجنسیوں کا قیام اداروں کی ملی بھگت نا اہلی یا غفلت کا منہ بولتا ثبوت ہیں جو کسی بھی وقت لوگوں کی جان و مال کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔