0

عمران خان کا ‏زمان پارک میں طبی معائنہ ہوگا

عمران خان
عمران خان کا ‏زمان پارک میں طبی معائنہ ہوگا۔ ڈاکٹرز کی ٹیم کو زمان پارک پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔عمران خان کے قریبی ساتھیوں کے مطابق عمران خان اپنی ٹانگ میں درد محسوس کررہے ہیں۔

گزشتہ رات چیئرمین تحریک انصاف عمران خان رہائی کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ سے لاہور میں اپنی رہائش گاہ زمان پارک پہنچ گئے۔

عمران خان اسلام آباد پولیس کی سکیورٹی میں لاہور کے لیے روانہ ہوئے تھے، راستے میں انہوں نے چکری ریسٹ روم میں تھوڑی دیر قیام کیا، بھیرہ میں چیئرمین پی ٹی آئی اسلام آباد پولیس کی گاڑی سے اتر کر اپنی سکیورٹی ٹیم کے ہمراہ لاہور روانہ ہوئے ۔زمان پارک پہنچنے پر کارکنوں کی جانب سے چیئرمین پی ٹی آئی کا شاندار استقبال کیا گیا،کارکنوں نے رقص اور آتشبازی کی۔

واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان کو کسی بھی کرمنل کیس میں پیر تک ملک بھر سے گرفتار نہ کرنے کا حکم دیا ہے۔

عدالت سے روانگی سے قبل عمران خان نے ایک ویڈیو پیغام بھی جاری کیا جس میں انہوں نے کہا کہ عدالت نے ہر جگہ ضمانت دی ہے ، یہ مجھے عدالت میں بہانوں سے روک رہے ہیں، ان کی بدنیتی ہے ، یہ پھر سے کچھ کرنا چاہتے ہیں، عوام باہر نکلنے کیلئے تیار رہیں۔