نجی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ عمران خان نو مئی کو پیش آنے والے واقعات سے بچنے کے لیے مذاکرات کے ذریعے این آر او لینا چاہتے ہیں۔
واضح رہے ہفتے کو پی ٹی آئی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے مذاکراتی کمیٹی کے لیے سات ارکان کو نامزد کیا ہے جو پی ٹی آئی کی جانب سے بات چیت میں حصہ لیں گے۔
بیان کے مطابق مذاکراتی کمیٹی میں شاہ محمود قریشی، پرویز خٹک، اسد قیصر، حلیم عادل شیخ، عون عباس بپی، مراد سعید اور حماد اظہر شامل ہیں۔
سابق وزیرِ اعظم اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کا پی ٹی آئی کی طرف سے مذاکراتی کمیٹی کے اعلان پر ردِ عمل میں کہنا ہے کہ بات چیت صرف سیاست دانوں سے کی جاتی ہے۔
نواز شریف کا ہفتے کو سوشل میڈیا پر ایک بیان میں کہنا تھا کہ شہدا کی یادگاروں کو جلانے والے، ملک کو آگ لگانے والے دہشت گردوں اور تخریب کاروں کے گروہ سے کسی قسم کی کوئی بات چیت نہیں ہو گی۔