0

ضلع جہلم میں پانچ روزہ پولیو مہم کا افتتاح کر دیا گیا

پنڈ دادن خان (ملک ظہیرا عوان)ضلع جہلم میں پانچ روزہ پولیو مہم کا افتتاح کر دیا گیا، مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب برائے ہیلتھ جنرل (ر) اظہر کیانی نے تحصیل پنڈدادنخان میں خانہ بدوش بستی میں پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے حفاظتی قطرے پلا کر مہم کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر سابقہ ممبر صوبائی اسمبلی پی پی 26 حاجی ناصر للہ، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر میاں مظہر حیات، اسسٹنٹ کمشنر نادیہ پروین، ڈی ڈی ایچ او ڈاکٹر مدثر حسین، جنید بشیر فوکل پرسن ویکسینیشن پروگرام اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ مشیر صحت پنجاب جنرل (ر) اظہر کیانی نے کہا کہ پولیو کے قطرے صحت مند معاشرے کے حصول کے ضامن ہیں۔ والدین اپنے پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا کر عمر بھر کی معذوری سے بچائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلع جہلم میں 2 لاکھ 28 ہزار 908 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس مقصد کے لیے 1094 موبائل، 74 فکسڈ اور 24 ٹرانزٹ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو گھر گھر جا کر، بس اسٹینڈز، ریلوے اسٹیشن، سکولز، دیہی و بنیادی مراکز صحت اور شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں گی۔ افسران اور ایریا انچارجز انسداد پولیو ٹیموں کی نگرانی کریں گے تاکہ مہم کے تمام اہداف کو سو فیصد یقینی بنایا جا سکے۔ مشیر صحت نے عوام سے اپیل کی کہ پولیو ٹیموں سے بھرپور تعاون کریں تاکہ بچوں کا محفوظ مستقبل یقینی بنایا جا سکے۔