جہلم(چوہدری عابد محمود +عبدالغفارآذاد)جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں گرمیوں کی آمد کے ساتھ ہی موسمی پھلوں کی آمد شروع ہوگئی،پھلوں کا بادشاہ آم اس وقت مارکیٹ میں جلوہ افروز ہو چکا ہے مختلف اقسام کے آم من مرضی کے نرخوں پر فروخت کئے جارہے ہیں، جبکہ فالسہ، آلو بخارہ، آڑو، تربوز، خوبانی، خربوزہ بھی دیگر پھلوں کی نسبت مارکیٹ میں زیادہ اور مہنگے داموں فروخت ہونے کے ساتھ ساتھ کثیر تعداد میں دکھائی دیتے ہیں ہیں، شہر کے بازاروں میں مہنگائی کے سبب پھلوں کی قیمتوں میں بھی ہوشربا اضافہ دیکھنے میں آرہاہے، جبکہ اندرون شہرکی سڑکوں اور جی ٹی روڈ پر ریڑھی بانوں اور لوڈر رکشہ والوں نے من مانے نرخوں پر پھلوں کی فروخت کرنی شروع کررکھی ہے، فالسہ مارکیٹ میں 3 سو50 روپے کلو، تربوز 40 سے 50روپے کلو، آڑو150 سو روپے جبکہ آموں کے بھی نرخ دکانداروں نے من مرضی کے وصول کرنے شروع کررکھے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی نے صحت بخش خوراک یعنی پھلوں سے بھی غریب، سفید پوش طبقہ کو کوسوں میل دور کر دیا ہے،ایسے میں اندرون شہر کی دکانوں پرہر وقت دستیاب پھل سیب، کیلا بھی غریب افراد کی پہنچ سے دور ہیں، ایسی صورتحال کے پیش نظر مارکیٹ میں نئے آنے والے پھلوں کو خریدنا بھی مشکل ہی نہیں ناممکن ہو چکاہے۔
0