جہلم(چوہدری عابد محمود +عبدالغفارآذاد)جہلم جنرل بس اسٹینڈ سے دوسرے شہروں اور اضلاع میں چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی نہ کی گئی، مسافر سراپا احتجاج، چیئرمین ڈسٹرکٹ روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی / ڈپٹی کمشنر سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔تفصیلات کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باجود جہلم جنرل بس اسٹینڈ سے دوسرے شہروں اور اضلاع میں چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ کے مالکان نے کرایوں میں کمی نہ کی جبکہ چنگ چی رکشہ ڈرائیورز نے بھی سٹاپ ٹو سٹاپ کرایوں میں کمی سے صاف انکار کر دیا۔ وفاقی حکومت کی جانب سے پٹرول 12 اور ڈیزل 30 روپے فی لیٹرسستا کیا گیا لیکن اس کے باوجود پبلک ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں کمی کرنے سے صاف انکار کر دیا اور مسافروں سے پرانے کرائے ہی وصول کئے جارہے ہیں، جبکہ چنگ چی رکشہ ڈرائیورز نے بھی کرایوں میں کمی نہیں کی کرایوں میں کمی نہ ہونے کی وجہ سے کئی جگہوں پر مسافروں اور ڈرائیورز کے درمیان بحث و مباحثہ، لڑائی جھگڑے، گالی گلوچ دیکھنے کو مل رہا ہے،مسافروں کااس حوالے سے کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی تو کر دی گئی ہے لیکن ڈسٹرکٹ روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے ذمہ داران اس حوالے سے مکمل خاموش ہیں، انتظامیہ کی خاموشی سوالیہ نشان ہے، کیونکہ ٹرانسپورٹرز کی جانب سے کرایوں میں کمی نہیں کی گئی، جبکہ پٹرول کی قیمتوں میں پانچ روپے کا اضافہ ہوتا ہے تواگلے روز ٹرانسپورٹرز کرائیوں میں من مرضی کا اضافہ کردیتے ہیں اور اگر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی جائے تو ٹرانسپورٹرز اور رکشہ ڈرائیورز خاموشی اختیار کر لیتے ہیں جس کی بنیادی وجہ ڈسٹرکٹ روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے ذمہ داران کی عدم دلچسپی ہے۔ شہریوں نے نگران وزیراعلیٰ پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب سے مطالبہ کیاہے کہ جہلم ڈسٹرکٹ روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے سیکرٹری کو تبدیل کرکے فرض شناس ایماندار سیکرٹری ڈسٹرکٹ روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی تعینات کیاجائے تاکہ حکومت کی طرف سے دیئے جانے والے ریلیف کا فائدہ عوام تک پہنچ سکے۔
0