0

سورج نے آنکھ کیا دکھائی واپڈا بے بس دکھائی دینے لگا

جہلم(چوہدری عابد محمود +سید مظہرعباس)جہلم شہر کی سماجی رفاعی، فلاحی، شہری تنظیموں کے عمائدین نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ سورج نے آنکھ کیا دکھائی واپڈا بے بس دکھائی دینے لگا۔ غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا آغاذ کر دیا گیا۔شہریوں کو مشکلات کا سامنا، واپڈا اور محکمہ سوئی گیس کے مابین مقابلہ جاری، کئی گھنٹے بجلی اور سوئی گیس کی بندش عوامی مسائل میں شدید اضافہ ہونے لگا۔سماجی تنظیموں کے عمائدین کا وفاقی وزیر پانی و بجلی اور پٹرولیم سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق شہر کی سماجی، رفاعی، فلاحی، شہری تنظیموں کے عمائدین نے اخبارنویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بجلی اور سوئی گیس کے محکموں نے ایک دوسرے کے ساتھ ریس لگا رکھی ہے، جس کا نقصان صارفین کو بھگتنا پڑرہاہے۔ واپڈا نے غیر اعلانیہ لود شیڈنگ جبکہ سوئی گیس کے ارباب اختیار نے بھی لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ شروع کررکھاہے، جس کے باعث کارروباری سرگرمیاں ٹھپ ہو کر رہ گئی ہیں جبکہ ہسپتالوں کلینکوں میں مریضوں کو شدید مسائل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، جس کے باعث شہریوں میں بے چینی بڑھتی جارہی ہے۔ گرمی کی شدت میں اضافہ ہونے کے ساتھ ہی واپڈا کی جانب سے غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ طول پکڑتا جارہاہے، جبکہ محکمہ سوئی گیس بھی جیسے صارفین سے کوئی بدلہ لینے کا موقع ہاتھ سے نہیں جانے دے رہا۔ جس کے باعث صارفین شدید پریشانی میں مبتلا ہو چکے ہیں،صارفین کو بجلی اور گیس کی عدم فراہمی کے باعث نہ پینے کے لئے پانی دستیاب ہے اور نہ ہی کھانا تیارہوسکتا ہے۔