0

راولپنڈی: موسلادھار بارش کے بعد نالہ لئی میں طغیانی، چار افراد ڈوب گئے

راولپنڈی: موسلادھار بارش کے بعد نالہ لئی میں پانی کی سطح میں اضافہ
راولپنڈی میں موسلا دھار بارش کے بعد متعدد علاقے زیرِ آب آگئے۔ صادق آباد، ڈھوک کالا خان اور بوہڑ بازار میں پانی جمع ہوگیا شہر میں 50 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

شدید بارش کی وجہ سے نالہ لئی میں پانی کی سطح میں اضافہ ہورہا ہے جس میں ایک بچے اور عورت سمیت چار افراد ڈوب گئے۔

ترجمان ریسکیو 1122 کا کہنا ہے کہ پیرودھائی کے قریب نالہ لئی میں بچہ ڈوب گیا، امدادی ٹیمیں بچے کی تلاش کررہی ہیں۔

دریں اثنا خیابان سرسید کے علاقے میں دو موٹرسائیکل سوار نالہ لئی میں جاگرے، ریسکیو 1122 کے ذرائع کے مطابق مقامی افراد نے ایک لڑکے کو بچالیا جبکہ دوسرا پانی میں ڈوب گیا جس کی تلاش کے لیے امدادی ٹیمیں سرچ آپریشن کررہی ہیں۔

علاوہ ازیں رزاق ٹاؤن چاکرہ روڈ پر ایک عورت نالے میں ڈوب گئی۔ اس واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیموں کو جائے وقوعہ کی طرف روانہ کر دیا گیا، ابتدائی معلومات کے مطابق عورت بارش کے دوران پھسل کر نالے میں جاگری۔

اپنا تبصرہ بھیجیں