جی ایچ کیو کے گیٹ پرحملے کا مقدمہ تھانہ آر اے بازار میں مقدمہ درج کیا گیا۔ مقدمے میں سابق صوبائی وزیر راجہ بشارت سمیت درجنوں کارکنوں کو نامزد کیا گیا ہے اور مقدمے میں انسداد دہشتگردی سمیت 9 دفعات شامل کی گئی ہیں۔
ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ ملزمان نے گزشتہ روز جی ایچ کیوگیٹ نمبر ایک پرحملہ کیا،توڑپھوڑکی، ملزمان پیٹرول بموں سے لیس تھے، افواج کے خلاف نعرے لگاتے رہے۔
ملزمان نے سابق صوبائی وزیرراجہ بشارت کی قیادت میں جی ایچ کیوبلڈنگ کے شیشے توڑے اور راجہ بشارت سمیت 15 ملزمان کے خلاف مقدمہ پولیس کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کیلئے کارروائی کی جارہی ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو گرفتار کیا گیا تھا جس کے بعد لاہور سمیت کئی شہروں میں پی ٹی آئی کے مشتعل مظاہرین نے جلاؤ گھیراؤ کیا، سرکاری املاک اور عوامی مقامات کو نذرآتش بھی کیا۔