0

دینہ انتظامیہ کی بے حسی یا طاقت کا غلط استعمال؟ تجاوزات کے خلاف ناکامی، صحافت پر وار

دینہ(سہیل انجم قریشی سے)دینہ انتظامیہ کی بے حسی یا طاقت کا غلط استعمال؟ تجاوزات کے خلاف ناکامی، صحافت پر وار۔تفصیلات کے مطابق دینہ کی انتظامیہ اپنی نااہلی چھپانے کے لیے صحافیوں پر چڑھ دوڑی! تجاوزات، بڑھتی مہنگائی اور عوامی مسائل پر میڈیا کی توجہ دلانے کو برداشت نہ کر پانے والی انتظامیہ نے ایک انوکھا فیصلہ کیا۔ بجائے ان مسائل کا حل نکالنے کے، مرکزی چوک سے اخبار کا اسٹال ہی اٹھا لیا یہ حرکت نہ صرف آزادی صحافت پر حملہ ہے بلکہ عوام کی معلومات تک رسائی روکنے کی کوشش بھی ہے۔ مقامی میڈیا نمائندگان اور اخبار فروش یونین نے انتظامیہ کے اس عمل کو “انتقامی کارروائی” قرار دیتے ہوئے شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے صحافیوں کا کہنا ہے کہ دینہ انتظامیہ تجاوزات اور دیگر مسائل پر قابو پانے میں مکمل ناکام ہو چکی ہے، لیکن اپنی ناکامی کو چھپانے کے لیے صحافت کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ حربے نہ صرف ناکام ہوں گے بلکہ انہیں مزید طاقتور اور متحد بنائیں گے۔
صحافیوں کا انتباہ:
“ہماری آواز بند کرنے کی کوششیں دراصل عوام کے حقوق دبانے کی کوشش ہے۔ اگر انتظامیہ باز نہ آئی تو اس کے خلاف بھرپور مہم چلائی جائے گی!”شہری حلقوں نے بھی انتظامیہ کے اس رویے کی مذمت کی ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ انتظامیہ عوامی مسائل کے حل پر توجہ دے، نہ کہ اپنی نااہلی چھپانے کے لیے صحافت کو نشانہ بنائے۔