0

خونخوار، آوارہ اور خارش زدہ کتوں نے شہریوں کا جینا دوبھر کر دیا

جہلم(چوہدری عابد محمود +مرزاقدیر بیگ)جہلم اندرون شہر کے گلی محلوں کی سڑکوں پر مٹر گشت کرنے والے خونخوار، آوارہ اور خارش زدہ کتوں نے شہریوں کا جینا دوبھر کر دیا، شہر کے چوک چوراہوں، گلی محلوں اور پبلک مقامات پر خونخوار کتوں کے غول کے غول مٹر گشت کرتے نظر آتے ہیں، جس کی وجہ سے شہریوں کا گھروں سے نکلنا دوبھر ہو چکاہے، بالخصوص معصوم بچوں اور خواتین کا گھروں سے نکلنا محال ہو چکا ہے جبکہ نمازیوں کو مساجد میں آنے جانے میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے، شہر کے مختلف گلی محلوں، چوک چوراہوں میں موجود آورہ کتے موذی امراض پھیلانے کا باعث بن رہے ہیں میونسپل کمیٹی کی انتظامیہ تمام تر صورتحال سے آگاہ ہونے کے باوجود خاموشی اختیار کئے ہوئے ہے، اس حوالے سے شہری سماجی، رفاعی، فلاحی، مذہبی تنظیموں کے عمائدین کا کہنا ہے کہ گزشتہ کئی ماہ سے شہر و گردونواح میں میونسپل کمیٹی کی جانب سے ڈاگ کلنگ مہم نہیں چلائی گئی جس کے باعث آوارہ کتوں کی تعداد میں خوفناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے، آوارہ کتوں کو تلف کرنے کی ذمہ داری میونسپل کمیٹی کے سینٹری عملے پر عائد ہوتی ہے۔ شہریوں نے ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیا ہے کہ متعلقہ اداروں کو ڈاگ کلنگ مہم چلانے کے سختی سے احکامات جاری کئے جائیں تاکہ شہریوں میں پایا جانے والا خوف کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں