جہلم(چوہدری عابد محمود +عمیراحمدراجہ)جہلم گوالے بے لگام کیمیکل ملے دودھ کی فروخت دھڑلے سے جاری، خود ساختہ قیمتیں متعین کر کے ایک کلو دودھ کا ریٹ 160سے180 روپے مقرر کررکھا ہے، ایک کلو پر20 سے 60 روپے کا منافع کمایا جانے لگا۔ ضلعی انتظامیہ و پرائس کنٹرول مجسٹریٹس بے بس، پنجاب فوڈ اتھارٹی کے افسران و اہلکار ٹھنڈی گاڑیوں کے جھولے لینے میں مصروف، شہریوں کا ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی سے سخت نوٹس لینے کا مطالبہ، تفصیلات کے مطابق شہر وگردو نواح میں دکانداروں اور گوالوں نے کیمیکل ملے دودھ دہی کی مہنگے داموں فروخت شروع کررکھی ہے، جبکہ من مرضی کی قیمتیں مقرر کر کے دودھ140 روپے کی بجائے 160 سے 180 روپے فی لیٹر جبکہ، دہی 160 روپے میں فروخت کر رہے ہیں گوالے اس قدر بے لگام ہو چکے ہیں کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی جانب سے مقرر کردہ قیمتوں کے نوٹیفیکیشن کو ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا گیا ہے، دوسری جانب پنجاب فوڈ اتھارٹی کے افسران و اہلکا رٹھنڈی گاڑیوں میں جھولے لیتے نظرآتے ہیں ناقص مضر صحت دودھ کے استعمال کے باعث نو مولود شیر خوار بچے موذی امراض کا شکار ہورہے ہیں جبکہ غریب محنت کشوں کے بچے دودھ کی بوند، بوند کے لیے ترس گئے ہیں۔شہریوں کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور پنجاب فوڈ اتھارٹی کے افسران و اہلکار شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ کرنے کی بجائے اندرون شہر گھومتے دکھائی دیتے ہیں، چھوٹے دکانداروں کو جرمانے کے لئے افسران کو سب اچھا ہے کی رپورٹس بھجوا دیتے ہیں۔شہریوں نے ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
0