جہلم(چوہدری عابد محمود +چوہدری دانیال عابد)جہلم کی یونین کونسل جلالپور شریف کے شہری بنیادی سہولیات سے محروم، مضر صحت پانی کے استعمال کیوجہ سے ہر10واں شہری ہیپاٹائٹس کا شکار، سیوریج کا نظام تباہ، سڑکیں اور لنک روڈ خستہ حال گندگی کے جگہ جگہ ڈھیر،کیمیکل ملے دودھ کی سرعام فروخت کا دھندہ عروج پر،ابلتے گٹر، اور تعمیراتی کام عرصہ دراز سے بند،منشیات فروشی سے نوجوان نسل تباہ ہونے لگی۔ شہریوں کا ڈپٹی کمشنر، ڈی پی او جہلم سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔ تفصیلات کیمطابق جہلم کی یونین کونسل جلالپور شریف کے باسی بنیادی سہولتوں کی عدم فراہمی کے باعث صحت و صفائی کے ناقص انتظامات کے سبب عوام کو کئی ایک دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ یونین کونسل کے تمام قصبات میں خستہ حال سڑکیں، جابجا کچرے اور گندگی کے انباروں سمیت سڑکوں پر سیوریج کا بہتا ہوا گندہ پانی صحت عامہ کیلئے خطرہ بن چکا ہے۔ عوامی نمائندوں کی جانب سے لاکھوں، کروڑوں مالیتی ترقیاتی کاموں کی انجام دہی کے دعوے کئے جارہے تھے۔لیکن بنیادی سہولتوں کی فراہمی سے متعلق کام صرف فائلوں تک محدوددکھائی دیتے ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ یونین کونسل کے بیشتردیہات آج کے ترقی یافتہ دور میں پتھر کے دورکی یاد دلاتے ہیں۔ مقامی لوگوں کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کو بارہا رابطے کرنے کی کوشش کی لیکن انتظامیہ کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی۔ وگھ، چنڈ، نگیال، ڈھیری آرائیاں، لوکڑی، محلہ واٹر سپلائی،لڈوہ، پیپلی، چکری، پیر چک جیسے علاقوں میں سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں۔ لوگوں کے گھروں سے نکلنے والا گندا پانی سیوریج کا مناسب انتظام نہ ہونے کے باعث سڑکوں پر جمع ہوتا ہے اور اس گندگی سے مچھروں کی افزائش ہورہی ہے اور کمسن بچے مختلف بیماریوں کا شکار ہو رہے ہیں۔ ان علاقوں میں سے ووٹ حاصل کرنے کے لئے مسائل کو ایک دوسرے پر ڈال کر اپنی ذمہ داریوں سے بچنے کی کوشش کرتے ہیں۔ تاریخی قصبہ جلالپور شریف میں سیوریج لائن عدم صفائی کی وجہ سے بند ہو چکی ہے۔ اس کے بعد تحصیل و ضلعی انتظامیہ نے اس جانب کسی قسم کی کوئی توجہ نہیں دی۔ جس کی وجہ سے بیماریاں پھیلنے کا اندیشہ ہے۔ صفائی ستھرائی کا کوئی انتظام موجود نہیں۔ مذکورہ علاقوں میں بارشوں کے دنوں میں گھروں کا گندا پانی گلی محلوں اور سڑکوں پر بہنے کے سبب عوام کا جینا دوبھر ہوجاتاہے لیکن ان کی داد رسی کرنے والا کوئی ادارہ موجود نہیں۔تحصیل و ضلعی انتظامیہ کے ارباب اختیار نے اس حوالے سے مکمل لا تعلقی اختیار کررکھی ہے، یونین کونسل جلالپور شریف کے باسیوں نے ڈپٹی کمشنر جہلم، اسسٹنٹ کمشنر پنڈدادنخان سے ان مسائل کے حل کے لئے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
0