0

جہلم ڈپٹی کمشنر و ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی شہرسے بھینسوں کے باڑوں کو شہر سے باہر منتقل کروانے میں ناکام

جہلم(چوہدری عابد محمود +سید ناصر محمود)جہلم ڈپٹی کمشنر و ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی شہرسے بھینسوں کے باڑوں کو شہر سے باہر منتقل کروانے میں ناکام، ڈپٹی کمشنر نے 5 مئی 2023 کو بھینسوں کے باڑوں کو شہر سے باہر منتقل کروانے کے لئے تحریری احکامات جاری کئے، 11 ماہ گزر جانے کے باوجود بااثر باڑہ مالکان شہریوں کو بیماریوں میں مبتلا کئے ہوئے ہیں۔ شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، چیف سیکرٹری پنجاب، سیکرٹری بلدیات سے بھینسوں کے باڑے شہر سے باہر ویران جگہوں پر منتقل کرنے کا مطالبہ کردیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق نے شہریوں کی مشکلات کو مد نظر رکھتے ہوئے 5 مئی 2023 کو ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی، اسسٹنٹ کمشنر، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی، ایم او آر میونسپل کمیٹی کو تحریری حکم جاری کیا جس میں متعلقہ ذمہ داران کو ہدایت کی گئی کہ اندرون شہر میں موجود درجنوں بھینسوں کے باڑے شہر سے باہر منتقل کروائے جائیں جس پر 11 ماہ سے زائد کا عرصہ گزرجانے کے باوجود عملدرآمد نہیں ہو سکا۔ شہری تنظیموں کے عمائدین کا کہنا ہے کہ اندرون شہر کے گنجان آباد علاقوں میں موجود بھینسوں کے باڑوں سے بھینسوں کا فضلہ اٹھا کر سیوریج لائنوں میں بہا دیا جاتا ہے۔ جبکہ بعض مالکان محلوں کے خالی پلاٹوں اور گلیوں میں پھیلا دیتے ہیں جس کیوجہ سے سکولز و کالجز میں زیر تعلیم طلباء و طالبات اور مساجد میں نماز کی ادائیگی کے لئے آنے جانے والے بزرگوں سمیت مکینوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، محکمہ ماحولیات کے ذمہ داران سب کچھ جاننے کے باوجود بااثر مالکان کے خلاف کارروائیاں کرنے سے گریزاں ہیں۔ جو کہ محکمہ ماحولیات سمیت متعلقہ ذمہ داران کی کارکردگی پر گہرا سوالیہ نشان ہے، شہری تنظیموں کے عمائدین نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، چیف سیکرٹری پنجاب، سیکرٹری بلدیات سے بھینسوں کے باڑے شہر سے باہر ویران جگہوں پر منتقل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔