جہلم(چوہدری عابد محمود +سید ناصر حسین شاہ)جہلم میجر اکرم شہید روڈ پر دوبارہ بھاری گاڑیاں داخل ہونے لگیں، کچہری چوک میں نصب بیرئیرڈمپرز مافیا نے توڑ ڈالا، نئی تعمیر ہونے والی سڑکیں گڑھوں میں تبدیل ہونے کا خدشہ، شہریوں میں تشویش کی لہر، شہر کی سماجی، رفاعی، فلاحی، شہری تنظیموں کے عمائدین نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر، ڈپٹی کمشنر، آرٹی اے سیکرٹری سے بھاری گاڑیوں کے داخلے پرپابندی عائد کروانے اور کچہری چوک میں نصب بیرئیر کو دوبارہ لگوانے کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق نئی تعمیر ہونے والی سڑکوں پر ایک بار پھر ڈمپرز اور بھاری گاڑیوں کی آمدورفت شروع ہوگئی ہے۔ میجر اکرم شہید روڈ کی تعمیر جو کہ ڈپٹی کمشنر کی ذاتی کوششوں کی وجہ سے مکمل ہوئی ہے، ڈپٹی کمشنر نے بھاری گاڑیوں کے داخلے پرپابندی لگانے کے ساتھ ساتھ کچہری چوک میں بیرئیر نصب کروایا تاکہ بھاری گاڑیاں اندرونِ شہر کی سڑکوں پر داخل نہ ہو سکیں، بااثر ڈمپرز مالکان نے ڈپٹی کمشنر کے احکامات کو ہوا میں اڑاتے ہوئے کچہری چوک میں نصب بیریئر کو توڑ دیا ہے، اس طرح رات کے اوقات میں ڈمپرز کی بھرمار ہوجاتی ہے جس سے کروڑوں روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والی سڑکیں ایک مرتبہ پھر گڑھوں میں تبدیل ہونے کا خدشہ لاحق ہو چکا ہے، شہر کی سماجی، رفاعی، فلاحی، شہری تنظیموں کے عمائدین نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر، ڈپٹی کمشنر،آرٹی اے سیکرٹری سے بھاری گاڑیوں کے داخلے پرپابندی عائد کروانے اور کچہری چوک میں نصب بیرئیر کو دوبارہ لگوانے کا مطالبہ کیا ہے۔
0