جہلم(چوہدری عابد محمود +چوہدری دانیال عابد)جہلم مہنگائی کا طوفان، بازاروں میں کاروباری سرگرمیاں ماند پڑنے لگیں کاروبار نہ ہونے کے برابر مہنگی بجلی سے تاجر اور صارف دونوں پریشان بجلی،گیس پٹرول سمیت اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں ریلیف دیا جائے۔ عوامی مطالبہ بجلی گیس پٹرولیم مصنوعات سمیت آٹاچینی گھی کی روز بروز بڑھتی قیمتوں اور آسمان کو چھوتی مہنگائی کے باعث بازاروں میں کاروباری سرگرمیاں شدید متاثر ہو رہی ہیں۔ مہنگائی کا جِن دن بدن بے قابو ہوتا جا رہا ہے، بجلی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ بھی کاروباری طبقے کے لئے مشکلات پیدا کر رہا ہے، شہر کی مارکیٹوں اور بازاروں میں کاروباری سرگرمیاں ماند پڑنے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔ تاجر ملک محمد اعظم،ملک ندیم رحیم، چوہدری محمد افضل رضوان، طارق محمد امین بھٹہ، چوہدری محمد انور نے وزیراعظم میاں شہبازشریف سے ریلیف دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ چیئرمین جہلم پریس کلب ڈاکٹر سہیل امتیاز خان نے کہا ہے کہ یوٹیلٹی بلز ادا کرنا محال ہوگیا ہے، تاجر حضرات دوہری مصیبت میں مبتلا ہیں، گھر اور دکانوں کے بجلی،گیس ٹیلی فونز کے بل ادا کرنے کے لئے رقم میسر نہیں رہی۔ادھر غلہ منڈی کے دکانداروں کا کہنا تھا کہ پہلے ہی ہر چیز مہنگی ہونے کی وجہ سے کاروبارتباہ ہو چکے ہیں، کرائے کی دکانیں اور ملازمین کے اخراجات نکالنا مشکل ہی نہیں بلکہ ناممکن ہو چکا ہے،اوپر سے بجلی،گیس کے بلوں نے کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔تاجروں نے مطالبہ کیا ہے کہ وزیراعظم بجلی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹس لیں اور بجلی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں عوام کو ریلیف دیں،تاکہ دکاندار طبقے کو اورغریب عوام کو سکھ کا سانس مل سکے۔
0