0

جہلم مہنگائی نے عوام کا جینا دو بھر کر دیا

جہلم(چوہدری عابد محمود +عبدالغفارآذاد)جہلم مہنگائی نے عوام کا جینا دو بھر کر دیا، بازاروں، منڈیوں کے بعد پٹرول پمپس پر قائم ٹک شاپس پر خود ساختہ قیمتوں سے عوام الناس کی جیبیں کاٹی جانے لگیں، چیک اینڈ بیلنس کا نظام مفلوج، مسافروں و شہریوں کا کوئی پرسان حال نہیں۔ شہریوں نے نگران وزیراعلیٰ پنجاب، کمشنر راولپنڈی، ڈپٹی کمشنر سے نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا۔ تفصیلات کے مطابق مہنگائی مافیا نے عوام کا کچومر نکال کے رکھ دیا ہے۔ شہر کے بازاروں، منڈیوں میں دکانداروں نے سبزیوں پھلوں، اشیائے ضروریہ کی من مانی قیمتیں مقرر کرکے شہریوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنا شروع کررکھاہے جبکہ اندورن شہرسمیت جی ٹی روڈپر قائم پٹرول پمپس کے ٹک شاپس مالکان نے تو انتہا کررکھی ہے جہاں گاڑیوں سے اتر کر ضروری چیزیں خرید نے آنے والے مسافروں سے اصل قیمتوں سے کئی گنااضافی نرخ وصول کر لئے جاتے ہیں، جس کی بنیادی وجہ چیک اینڈ بیلنس کا نظام مفلوج ہونا ہے۔ کہیں بھی پر نٹنڈ قیمتوں پر خریداروں کو چیزیں نہیں دی جاتیں، افسوسناک امر یہ ہے کہ عوام کی شنوائی کیلئے کوئی اتھارٹی متحرک نہیں۔ اندورن شہرسمیت جی ٹی روڈپر قائم پٹرول پمپس کے ٹک شاپس پر 60 روپے والی چیز کے 100 روپے سے بھی زائدنرخ وصول کئے جارہے ہیں۔ شہریوں نے نگران وزیراعلیٰ پنجاب، کمشنر راولپنڈی، ڈپٹی کمشنر سمیت پرائس کنٹرول مجسٹریٹس سے گراں فروشی کا سخت نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔