جہلم(چوہدری عابد محمود +عمیراحمدراجہ)جہلم آئندہ عام انتخابات اور مسلم لیگ ن کی ٹکٹوں کی تقسیم اور سیٹ ایڈ جسٹمنٹ کے معاملات پر مسلم لیگ ن کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا۔ پارٹی ذرائع کے مطابق ٹکٹوں اور سیٹ ایڈ جسٹمنٹ پر پارٹی میں اختلافات شدت اختیار کرنے لگے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی و صوبائی اسمبلیوں کے اکثر و بیشتر حلقوں میں مضبوط ن لیگی امیدواروں کی موجودگی نے سیٹ ایڈ جسٹمنٹ کو کھٹائی میں ڈال دیا ہے، مسلم لیگ ق، استحکامِ پاکستان کے مسلم لیگ ن کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کھٹائی میں پڑنے کے خدشات میں بھی اضافہ ہوتا جا رہا ہے، پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کی ممکنہ انتخابی اتحادی جماعتوں نے سیٹ ایڈ جسٹمنٹ کی مد میں بہت زیادہ ڈیمانڈ کر رکھی ہے، مسلم لیگ ن کے لئے زیادہ نشستوں پر سیٹ ایڈ جسٹمنٹ ممکن نہیں لگ رہی، ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی پی پی نے ن لیگ سے پنجاب کی قومی اسمبلی کی 20 اور پنجاب اسمبلی کی 40 سے زائد نشستیں ڈیمانڈ کر رکھی ہیں، مسلم لیگ ن آئی پی پی کو ان کی ڈیمانڈ کا صرف 10 فیصد دینے کو بھی بمشکل تیار ہے، پارٹی ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن نے آئی پی پی کو قومی اسمبلی کی 2 اور پنجاب اسمبلی کی صرف 5 سیٹوں کی ایڈ جسٹمنٹ پر آمادگی ظاہر کی ہے، مسلم لیگ ن کو مسلم لیگ ق کے ساتھ معاملات طے کرنے میں سب سے زیادہ آسانی ہے، مسلم لیگ ق نے پہلے زیادہ ڈیمانڈ کی لیکن بعد میں معاملات تقریبا 80 فیصد طے پاگئے، پارٹی ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن مسلم لیگ ق کو قومی اسمبلی کی 3 اور پنجاب اسمبلی کی 4 نشستوں پر سیٹ ایڈ جسٹمنٹ کرنے کو تیار ہے، جبکہ ق لیگ نے مسلم لیگ ن سے قومی اسمبلی کی مزید 2 اور پنجاب اسمبلی کی 5 نشستوں پر سیٹ ایڈ جسٹمنٹ کی ڈیمانڈ کر رکھی ہے۔
0