0

جہلم محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کے تمام انتظامات مکمل

جہلم(چوہدری عابد محمود +چوہدری دانیال عابد)جہلم محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کے تمام انتظامات مکمل، آٹھ محرم تک کے تمام جلوس اور مجالس انتہائی پرامن ماحول میں انعقاد پذیر ہو چکی ہیں، آج اور کل دسویں محرم کے دنوں میں خصوصی انتظامی اور حفاظتی اقدامات مکمل ہیں،عاشورہ کے دن بارہ سو سے زائد پولیس افسران و اہلکار ڈیوٹی سر انجام دیں گے۔ ڈپٹی کمشنر جہلم کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق اور ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ کی مشترکہ پریس کانفرنس، محرم الحرام کے اہم ترین دنوں نویں اور دسویں محرم کے حوالے سے جہلم انتظامیہ پوری طرح متحرک اور فعال ہے۔انتظامیہ کی پوری توجہ سے آٹھ محرم تک کے تمام جلوس اور مجالس انتہائی پرامن ماحول میں انعقاد پذیر ہو چکی ہیں، نویں اور دسویں محرم کے جلوسوں کے لیے تمام اقدامات مکمل ہیں،یہ بات ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق نے ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں بتائی۔ انہوں نے کہا کہ تمام لائسنس داروں کے بھر پور تعاون سے ضلع جہلم میں محرم الحرام کا مقدس ماہ پرامن ہے، اور اس کو پرامن بنانا ہم سب کی زمہ داری ہے۔ ڈی پی او جہلم نے سکیورٹی پلان بارے صحافیوں کو بتایا کہ بارہ سو سے زائد پولیس افسران واہلکار یوم عاشور پر ڈیوٹی سر انجام دیں گے۔جلوسوں میں شامل ہونے والے ہر شخص کی تین جگہ پر چیکنگ ہو گی۔تمام موبائل انٹرنیٹ سگنل مکمل بند رہیں گے۔ فول پروف سکیورٹی پلان ترتیب دے دیا گیا ہے۔ شہریوں خصوصا مجالس انتظامیہ اور لائسنس داروں کی جانب سے بھرپور تعاون کیا جا رہا ہے۔ ضلع جہلم میں کوئی مذہبی یا مسلکی ایشو نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈی پی او سے لے کر کانسٹیبل تک ہر اہلکار فیلڈ میں موجود رہے گا۔ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ آرمی کی ایک کمپنی کسی بھی ہنگامی صورتحال کو کنٹرول کرنے کے لیے ریزرو کر دی گئی ہے۔جبکہ تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی عملہ چوبیس گھنٹے موجود رہے گا۔ تمام محکمہ جات کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئیں ہیں۔ محرم الحرام کے بقیہ دنوں کو پرامن طور پر گزرنے تک انتظامیہ چین سے نہیں بیٹھے گی انہوں نے شہریوں سے تعاون کا مطالبہ کیا ہے۔