جہلم(چوہدری عابد محمود +سید ناصر حسین شاہ)جہلم قیامت خیز گرمی میں گھنٹوں کی اعلانیہ و غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی زندگیاں اجیرن بنا دی۔ اس وقت شہری علاقوں میں ہر 2 گھنٹے کے بعد ایک گھنٹہ جبکہ دیہات میں بجلی کی اعلانیہ و غیر اعلانیہ لو ڈ شیڈ نگ انتہا کو پہنچ چکی ہے۔ دوسری طرف محکمہ موسمیات نے گرمی کے ستائے لوگوں کو بارش کی نوید بھی سنارکھی ہے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز بھی شدید گرمی کی لہر برقرار رہی۔ شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت44 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ گرمی کی شدت میں اضافے اور بجلی کی مانگ میں اضافے کیوجہ سے آئیسکو ریجن میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ نے شہریوں کا سکون غارت کر دیا۔ بجلی کی اعلانیہ و غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے باعث مریضوں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، ٹرانسفارمر کی خرابی اور دیگر تکنیکی مسائل بھی روزانہ کا معمول بن چکا ہے، شہر میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے باعث بیشتر علاقوں کے رہائشیوں کو پانی کی قلت کا بھی سامناکرنا پڑ رہا ہے۔ پائپ لائنوں میں موجود پانی چھوٹی گلیوں اور محلوں میں پہنچنے سے پہلے ہی ختم ہو جاتا ہے۔ شہر سمیت دیگر علاقوں میں شہریوں کو پانی کے مسائل کا سامناکرنا پڑ رہا ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں اور دیہی علاقوں میں اعلانیہ و غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ تواتر کے ساتھ جاری ہے جس کے باعث بوڑھے، بچے، خواتین اور مریض گرمی سے بے حال دکھائی دیتے ہیں ٹھنڈے پانی کے حصول کے لئے خواتین بچے شہر میں موجود مختلف واٹر فلٹریشن پلانٹس کی تلاش میں مارے مارے پھرتے دکھائی دیتے ہیں۔ مختلف علاقوں سے خواتین اور مریضوں کو گرمی کے باعث بے ہوش ہونے اور ہیٹ سٹروک میں مبتلا ہونے کی اطلاعات بھی موصول ہوئیں ہیں۔ دریں اثنا محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں آج سے 30 جون تک آندھی گرج چمک کے ساتھ پری مون سون بارشوں کا امکان ہے جس سے گرمی کی شدت میں ایک بار پھر سے کمی آئے گی، محکمہ موسمیات کے مطابق مرطوب ہوائیں بحیرہ عرب سے ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہو نگی۔
0