جہلم(چوہدری عابد محمود +اسماعیل افتخار)جہلم محکمہ لائیو سٹاک و پنجاب فوڈ اتھارٹی کے افسران کی غفلت کے باعث ضلع بھر میں غیر قانونی مذبحہ خانوں کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ، بیمار، لاغرنیم مردہ مادہ جانوروں کو ذبحہ کئے جانے کی اطلاعات، شہری روزانہ ہزاروں من مضر صحت گوشت استعمال کرنے پر مجبور، شہری حلقوں کا ڈی جی لائیو سٹاک، ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی سے نوٹس لینے کا مطالبہ، تفصیلات کے مطابق شہر سمیت ضلع بھر میں غیر قانونی سلاٹرنگ کا خاتمہ نہ کیا جا سکا، غیر قانونی مذبحہ خانوں میں مادہ جانوربھی ذبحہ کئے جاتے ہیں، جن کا گوشت انسانی صحت کے لئے انتہائی نقصان دہ ہوتاہے، شہر بھر میں زیادہ تر قصابوں نے جانور ذبحہ کرنے کے لئے اپنی دکانوں سے ملحقہ علیحدہ کمرے کرائے پر حاصل کر رکھے ہیں، جبکہ نواحی علاقوں میں جانوروں کو سرعام سڑکوں پر یا کہیں بھی کھلی جگہ پر ذبحہ کردیا جاتا ہے، شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ جانوروں کی غیر قانونی سلاٹرنگ کے لئے قصابوں کو متعلقہ ویٹرنری افسران کی آشیر باد حاصل ہے، جانور ذبحہ کرنے کے بعد بعض قصاب مہر بھی خود لگا لیتے ہیں جو ان کو متعلقہ عملے کی جانب سے غیر قانونی طور پر مہیا کی گئی ہوتی ہیں، زیادہ تر غیر قانونی ذبحہ خانے روہتاس روڈ، کالا گجراں، بلال ٹاؤن،چونترہ، کھرالہ، گھرمالہ سمیت دیگر درجنوں دیہی علاقوں میں واقع ہیں، حکومت پنجاب نے مادہ جانوروں سمیت جانوروں کو سڑکوں کے کنارے اور سرعام ذبحہ کرنے پر سخت پابندی عائد کر رکھی ہے لیکن اس کے باوجود ضلع بھر کے درجنوں علاقوں میں قصاب بلا خوف و خطر مضر صحت اور لاغر نیم مردہ جانوروں کو ذبحہ کرکے گوشت شہریوں میں فروخت کر دیتے ہیں، جنہیں متعلقہ محکموں کی سرپرستی حاصل ہے۔شہریوں نے ڈی جی لائیو سٹاک، ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیاہے۔
0