0

جہلم شہر و گردونواح کو جعلی عاملوں،نجومیوں نے اپنے شکنجے میں جکڑ لیا،

جہلم(چوہدری عابد محمود +چوہدری مہربان حسین)جہلم شہر و گردونواح کو جعلی عاملوں،نجومیوں نے اپنے شکنجے میں جکڑ لیا، شہرو گردونواح میں قائم آستانہ نما اڈوں پر مخلوق خدا کو لوٹنے کا دھندہ جاری،شہر کی سماجی، رفاعی، فلاحی تنظیموں کے عمائدین کا ڈی پی او سے کارروائیاں کرنے کا مطالبہ۔تفصیلات کے مطابق شہر و گردونواح میں جعلی عاملوں،نجومیوں اور فال وغیرہ نکالنے والوں کی بھر مار ہو چکی ہے،شہر کے مختلف محلوں،گلیوں، درگاہوں وغیرہ پر قائم آستانوں پر مختلف مسائل میں مبتلا پریشان حال سادہ لوح شہری جن میں زیادہ تر تعداد خواتین اور نوجوان طبقہ کی ہے ان کو مسائل کے حل کے حوالے سے تعویز گنڈوں کے ذریعے دونوں ہاتھوں سے لوٹنے کا دھندہ جاری ہے، شہر کے مختلف محلوں،گلیوں میں قائم آستانہ نما اڈوں پر جعلی عاملوں جن میں خواتین بھی شامل ہیں ان آستانوں میں گھروں میں لڑائی جھگڑوں، اولاد کا نہ ہونا، شوہر کو تابع کرنا،پسند کی شادی کروانے،محبوب کو قدموں میں لانے، بیرون ملک بھجوانے، پرائز بانڈ کا نمبر نکلنے،جیسے چٹکلے بیان کر کے نوجوان نسل کو اپنی چکنی چپڑی باتوں سے جھانسے میں لاتے ہوئے جال میں پھنسا کر ان سے بھاری رقوم بٹورلیتے ہیں جبکہ بعض نجومی خواتین سے طلائی زیورات تک حاصل کر لیتے ہیں، ضیعف الاعقیدہ مرد و خواتین کو زیادہ تر شکار کرتے ہوئے گھروں میں لڑائی جھگڑے کروانے کا فریضہ بھی بخوبی سرانجام دے رہے ہیں،عوامی،سماجی،رفاعی، فلاحی تنظیموں کے عمائدین نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرسے ایسے آستانوں اور جعلی پیروں کے خلاف کارروائیاں کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔