0

جہلم شہر میں جان بچانے والی ادویات کی قیمتیں مریضوں کی جان نکالنے لگیں

جہلم(چوہدری عابد محمود +سید ناصر حسین شاہ)جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں جان بچانے والی ادویات کی قیمتیں مریضوں کی جان نکالنے لگیں، قیمتوں میں غیر معمولی اضافے کے باعث ادویات شہریوں کی پہنچ سے دورہو گئیں۔ شہریوں کانگران وزیراعلیٰ پنجاب سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق شہر سمیت ضلع بھر کے شہریوں نے جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو مستر د کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کے پاس نہ تو روزگار ہے اور نہ ہی جان بچانے والی ادویات خریدنے کی سکت، موجودہ مہنگائی کیوجہ سے عام آدمی کی قوت خرید پہلے ہی دم توڑ چکی ہے ایسے میں ادویات کی حالیہ قیمتوں میں اضافہ مریضوں کی جان لینے میں مترادف ہے۔ شہریوں نے حکومت سے مطالبہ ہے کہ جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کر کے غریبوں کو ریلیف دیا جائے کیونکہ حکومت کی طرف سے جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے سے غریب طبقہ بیماریوں کے علاج کے لیے انتہائی مشکلات کا سامنا کر رہا ہے جبکہ سرکاری ہسپتالوں میں ادویات کی شدید قلت اور میڈیکل سٹورز پر ادویات کی قیمتوں میں کئی گنا اضافے سے غریب طبقہ اپنی بیماریوں کا علاج کروانے سے قاصر ہیں۔ حکومت ادویات مہنگی کرنے کی بجائے انہیں سستا کرے تاکہ غریب آدمی بھی علاج معالجہ کروا سکے، دوسری جانب سرکاری ہسپتالوں کے ڈاکٹرز ادویات ہسپتالوں میں نہ ہونے کیوجہ سے بازار سے خریدنے کیلئے لکھ دیتے ہیں اور بازار جائیں تو قیمتیں آسمانوں سے باتیں کر رہی ہیں جس سے غریب عوام سخت مشکلات اور پریشانی کا شکار ہیں، شہریوں نے وزیرا عظم پاکستان، چیف جسٹس آف پاکستان سے ادویات کی قیمتوں میں کمی کا مطالبہ کیا ہے۔