0

جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں عطائیت کا دھندہ دھڑلے سے جاری

جہلم(چوہدری عابد محمود +سید ناصر حسین شاہ)جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں عطائیت کا دھندہ دھڑلے سے جاری،محکمہ صحت نے آنکھیں موند لیں،بازاروں میں جنسی ادویات اور نشہ آور ادویات کے نام پر سرعام موت بانٹی جارہی ہے جسکے استعمال سے نوجوان معدہ،جگر اور گردوں سمیت کئی موذی امراض کا شکار ہو رہے ہیں، محکمہ صحت کے افسران کی عدم دلچسپی اس بات کا کھلا ثبوت ہے کہ شہر کی اہم سڑکوں،گلی محلوں سمیت ضلع بھر میں عطائی ڈاکٹروں نیم حکیم خود ساختہ ڈاکٹروں نے نوجوانوں کو اپنی چکنی چپڑی باتوں میں ورغلا کر سرعام جنسی اور نشہ آور ادویات فروخت کرنی شروع کررکھی ہیں،عوامی سماجی حلقوں کی بار ہا مرتبہ نشاندہی کے باوجود محکمہ صحت کے ضلعی افسران ٹس سے مس نہیں ہو رہے گلی محلوں میں عطائی ڈاکٹروں نے ایم بی بی ایس کے بورڈ لگا کر غریب سادہ لوح عوام کو دونوں ہاتھوں سے سرعام لوٹنا اور انکی جانوں سے کھیلنا شروع کر رکھا ہے۔سماجی حلقوں نے نگران وزیر اعلیٰ پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب، سیکرٹری ہیلتھ سے اپیل کی ہے کہ ایسے موت کے سوداگروں کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ نوجوانوں کو موذی امراض میں مبتلا ہونے سے بچایا جا سکے۔