0

جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں شب برات گزشتہ روز انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی

جہلم(چوہدری عابد محمود +سید مظہرعباس)جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں شب برات گزشتہ روز انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی، مساجد اور گھروں پر نفلی عبادات اور شب بیداری کا خصوصی اہتمام کیاگیا، لوگ فاتحہ خوانی کے لیے قبرستانوں میں لوگوں کا رش دیدنی تھا۔ماہ شعبان کی پندرھویں رات، رحمتوں اور برکتوں والی رات ہے، اس رات کو لیلۃ المبارکہ یعنی برکتوں والی رات، لیلۃ الصک یعنی تقسیم امور کی رات اور لیلۃ الرحمہ یعنی رحمت نازل ہونے کی رات بھی کہا جاتا ہے۔ضلع بھر کی مساجد میں بابرکت محافل کا اہتمام کیاگیا، مساجد میں علماء کرام اور مقررین شب برات کی فضلیت بارے بیان کرتے رہے۔شب برات کے اجتماعات میں مساجد میں خصوصی نوافل کی ادائیگی کی گئی، اللہ تعالیٰ کے حضور گناہوں سے توبہ، بخشش و مغفرت،ایمان و سلامتی، رزق کی کشادگی اور پاکستان کی سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں، فرزندان اسلام نے نفلی روزہ بھی رکھا۔شب برات کے سلسلے میں شہر کی مساجد کو برقی قمقموں سے سجا یاگیاتھا، شہری اپنے پیاروں کی قبروں پر حاضریاں دیتے اور پھول چڑھاتے، اگر بتیاں لگاتے اور فاتحہ خوانی کرتے دکھائی دیئے۔