0

جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں روز مرہ کی اشیاء یوٹیلیٹی سٹورز پر مہنگی اوربازاروں میں سستی

جہلم(چوہدری عابد محمود +سید ناصر محمود)جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں روز مرہ کی اشیاء یوٹیلیٹی سٹورز پر مہنگی اوربازاروں میں سستی فروخت ہونے کا انکشاف۔دستاویزات کے مطابق سبسڈی کے باوجود متعدد اشیاء یوٹیلیٹی اسٹورز پر مہنگی اور بازاروں میں سستی ہیں،یوٹیلیٹی سٹورز پر آٹا عام مارکیٹ کی نسبت 48.21 روپے مہنگا ہے،یوٹیلیٹی سٹورز پر 20 کلوآٹے کا تھیلا 2840 روپے میں دستیاب ہے،عام مارکیٹ میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 2792 روپے میں فروخت کیا جارہا ہے، سیلا چاول عام مارکیٹ کی نسبت یوٹیلیٹی سٹورز پر 53.40 روپے مہنگا ہے،عام مارکیٹ میں سیلا چاول 317 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہا ہے، یوٹیلیٹی سٹورز پر فی کلو سیلا چاول 370 روپے میں دستیاب ہیں،سفید چنے عام مارکیٹ کی نسبت یوٹیلیٹی سٹورز پر 13.53 روپے مہنگے ہیں،مارکیٹ میں سفید چنے 391 جبکہ یوٹیلیٹی سٹورز پر 405 روپے میں فروخت کئے جارہے ہیں،چینی عام مارکیٹ کی نسبت یوٹیلیٹی سٹورز پر 9 روپے فی کلو مہنگی ہے،یوٹیلیٹی سٹورز پر چینی 155، مارکیٹ میں 146 روپے میں دستیاب ہے۔ شہریوں نے ارباب اختیار سے مطالبہ کیاہے کہ یوٹیلیٹی سٹورز پر اشیاء خوردونوش کی قیمتیں مارکیٹ نرخوں سے 20 فیصد کم کی جائیں تاکہ سرکاری ملازمین سمیت عام افراد یوٹیلیٹی سٹورز سے سستے داموں معیاری اشیاء خرید کا مہنگائی کا مقابلہ کرسکیں۔