جہلم(چوہدری عابد محمود +مرزا قدیر بیگ)جہلم شہر اور گردو نواح میں پٹرول اور ڈیزل میں ملاوٹ، پیمانوں میں ہیرا پھیری معمول بن گئی، ناقص تیل کی وجہ سے شہریوں کی گاڑیاں کھٹارہ بننے لگیں، ضلعی انتظامیہ، خاموش تماشائی شہریوں کا ڈپٹی کمشنر سے نوٹس لینے کا مطالبہ، تفصیلات کے مطابق جہلم شہر،دینہ، سوہاوہ،پنڈدادنخان میں پمپ مالکان نے پٹرول اور ڈیزل میں ملاوٹ اور پیمانوں میں ہیرا پھیری کر کے صارفین کو چونا لگانا شروع کر رکھا ہے۔ ملاوٹ شدہ ناقص پٹرول اور ڈیزل کے استعمال سے ٹریکٹرز، بسوں اور ویگینوں، کاروں اور موٹر سائیکلوں کے انجن ناکارہ ہونے لگے ہیں اور گاڑیاں کھٹارہ بنتی جارہی ہیں۔ گاڑیوں سے نکلنے والے دھوئیں سے فضائی آلودگی بڑھ رہی ہے۔ ٹرانسپورٹ مالکان کو لاکھوں روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔ شہریوں نے ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیا ہے،کہ ضلع بھر میں موجود پٹرول پمپ چیک کروائے جائیں ناقص،غیر معیاری اور کم مقدار میں پٹرول فروخت کرنے والے پٹرول پمپ مالکان کے خلاف کاروائیاں کرتے ہوئے پٹرول پمپس سیل کئے جائے تاکہ شہریوں کی قیمتی گاڑیاں تباہ ہونے سے بچ سکیں۔
0