جہلم(چوہدری عابد محمود +اسماعیل افتخار)جہلم مچھلی فروشوں کی طرف سے اولڈ جی ٹی روڈ سمیت اندرون شہر کی سڑکوں کے دونوں اطراف، چوک چوراہوں میں مچھلی منڈی قائم کر لی، مچھلی کی فروخت کے لیے جگہ جگہ ریڑھیاں، لوڈر رکشے کھڑے کر کے مچھلی فروخت کی جارہی ہے، دوسری جانب مچھلی سے اٹھنے والی ناگوار بدبو سے ماحول تعفن زدہ ہو جاتا ہے۔ مذکورہ سڑکوں اور چوک چوراہوں سے شہریوں کا گزرنا محال ہو چکا ہے،شہریوں نے مچھلی فروشوں کو اندرون شہر کی بجائے شہر سے باہر مخصوص مقام پر منتقل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق سردی کے موسم کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے مچھلی فروخت کرنے والے بااثر افراد نے اولڈ جی ٹی روڈ، جامعہ اثریہ روڈسمیت شہر کی اہم سڑکوں پر جگہ جگہ مچھلی کے سٹال سجا لیے ہیں۔ ان سٹالز کیوجہ سے نہ صرف ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے بلکہ باسی مچھلی کی بد بو اور تعفن سے شہری بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں۔ رہی سہی کسر دکاندار مچھلی کی باقیات پھینک کر نکال رہے ہیں۔ خصوصا شہر کی سب سے اہم سڑک جس پر سکول،کالجز، سرکاری ہسپتال، کلینکس عدالت اور دوسرے دفاتر قائم ہیں مچھلی فروشوں نے قبضہ جماکر شہریوں کی آمدورفت میں مشکلات بڑھا رکھی ہیں۔ شہریوں نے ڈپٹی کمشنر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر، چیف آفیسرمیونسپل کمیٹی سے مطالبہ کیا ہے کہ مچھلی فروشوں کو شہر سے باہر منتقل کیا جائے تاکہ شہری بد بو اور تعفن سے پھیلنے والی بیماریوں سے بچ سکیں۔
0