جہلم(چوہدری عابد محمود +چوہدری مہربان حسین)جہلم ضلع بھر میں رمضان المبارک کی آمدآمد، اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ، گراں فروشوں نے سرکاری نرخ ناموں کو پاؤ ں تلے روند ڈالا، اشیاء ضروریہ کے من مانے نرخ وصول کرنا شروع کر دیئے۔ شہری سراپا احتجاج، وزیراعلیٰ پنجاب،چیف سیکرٹری پنجاب سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق رمضان المبارک کی آمدآمد ہے شہر سمیت ضلع بھر میں ذخیرہ اندوزوں نے من مانیاں کرتے ہوئے اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ کردیا ہے، دکانداروں نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا بہانہ بنا کر خود ساختہ مہنگائی کرتے ہوئے سرکاری ریٹ لسٹوں کو یکسر مسترد کر کے من مانے نرخ وصول کرنے شروع کررکھے ہیں۔ ذمہ داران افسران نے حقائق کا علم ہونے کے باوجود آنکھیں بند کر رکھی ہیں۔شہری، سماجی، فلاحی، تنظیموں کے عمائدین نے وزیراعلیٰ پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب سے مطالبہ کیاہے کہ ضلع جہلم میں نافذ جنگل کے قانون کے خاتمے کے لئے انتظامیہ کو متحرک کیاجائے اور گراں فروشی کے مرتکب دکانداروں کے خلاف فوجداری مقدمات درج کروائے جائیں تاکہ مہنگائی کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔
0