0

جہلم خاتون صحافی کے قتل کیس کا ڈراپ سین، سابق شوہر قاتل نکلا،

جہلم(چوہدری عابد محمود +چوہدری دانیال عابد)جہلم خاتون صحافی کے قتل کیس کا ڈراپ سین، سابق شوہر قاتل نکلا، ملزم نے جائیداد بٹورنے کی خاطر اپنی سابقہ بیوی کو قتل کیا، پولیس زرائع کے مطابق سوہاوہ کے جنگل لہڑی میں خاتون صحافی کو قتل کر کے نعش جھاڑیوں میں پھینک دی اور شناخت ختم کرنے کے لئے چہرے پر تیزاب پھینک دیا۔سوہاوہ پولیس نے خاتون صحافی کے شوہر کو جدید سائنٹیفیک طریقہ سے گرفتار کر لیا۔ سوہاوہ پولیس نے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے تحقیقات کا دائرہ وسیع کیا اور بالآخر قاتل شوہر کاسراغ لگا لیا۔ پولیس کی تفتیش میں خاتون صحافی کے شوہر نے جائیداد ہڑپ کرنے کی غرض سے سابق بیوی کو موت کے گھاٹ اتاردیاتھا۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے اس کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔ دوران تفتیش پولیس نے مزید ایسے شواہد اکٹھے کیے ہیں جو ملزم کے جرم کو ثابت کرنے کے لیے کافی ہیں۔ خاتون صحافی کے قتل کیوجہ سے صحافی برادری میں بھی شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ اس حوالے سے صدر جہلم پریس کلب مہر محمد الیاس کا کہنا ہے کہ صحافیوں کی حفاظت اور ان کے حقوق کے تحفظ کے حوالے سے حکومت وقت کو سنجیدہ اقدامات کرنے کی اشد ضرورت ہے تا کہ صحافی بلا خوف و خطر اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں انجام دے سکیں انہوں نے وزیراعظم پاکستان، چیف جسٹس آف پاکستان، وزیراعلیٰ پنجاب،چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ سے مطالبہ کیا ہے کہ صحافیوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں اورعلاقائی صحافیوں کی انشورنس کی جائے تاکہ صحافی بلا خوف و خطر اپنی خدمات سرانجام دے سکیں۔