0

جہلم بجلی کے بلوں نے سفید پوش طبقے کی عزت نفس کو تار تار کر دیا

جہلم(چوہدری عابد محمود +مرزا قدیر بیگ)جہلم بجلی کے بلوں نے سفید پوش طبقے کی عزت نفس کو تار تار کر دیا، غریبوں اور مظلوموں کی بدعائیں ساتویں آسمان کو چھونے لگیں، بلوں کا ٹیرف مقرر کرنے والے اللہ تیری سات پشتوں کو تباہ و برباد کرے، حکومت نے عوام پر بجلی بم گرا کر انسان دوستی کاثبوت نہیں دیابجلی کے بل عوام کی قوت برداشت سے باہر صارفین ذہنی مریض بن گئے۔ تفصیلات کے مطابق شہریوں کی اکثریت جن میں شہری،سماجی،رفاعی،فلاحی تنظیموں کے عمائدین سمیت تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے شہریوں نے صحافیوں کو بتایا کہ جس نے بھی غریب کی زندگیوں میں زہر گھولا ہے مہنگائی کی ہے اور ٹیرف تیار کیا ہے، بجلی مہنگی کی ہے اللہ تعالی سے ہم دعا کرتے ہیں کہ اللہ تعالی ان بدبختوں کو روز قیامت دوزخ کا ایندھن بنائے، غریب صارفین نے کہا کہ حیرت کی بات ہے کہ جوصارف مہینے میں 30 سے 40 ہزار روپے کماتا ہے اور اس کا بجلی کابل 15 سے 20 ہزار آتا ہے تو وہ گھر کا باقی نظام کیسے چلائے گا جس میں 3 بچوں کی فیسیں، گھر کا راشن، گھر کا کرایہ، گیس کابل دیگر اخراجات وہ کہاں سے پورے کرے گا، کیا حکومت میں مٹی کے مادھو بیٹھے ہیں جو سوچنے اور سمجھنے کی صلاحیت سے عاری ہیں، جنہوں نے مہنگائی کے طوفان میں عوام کو دھکیل کر خود تماش بین بنے بیٹھے ہیں، صارفین نے کہا کہ ہم اللہ تعالی سے دعا کرتے ہیں کہ ایسے حکمران جو عوام کے دکھ درد میں شریک نہیں ہیں، یا اللہ ان کو اور ان کی نسلوں کو تباہ و برباد کر دے، جنہوں نے ہمارا دن اور رات کا سکون چھین لیا ہے اور ہم سے بنیادی ضروریات زندگی بھی چھینے کی کوششیں کر رہے ہیں، نگران وزیر اعظم انوار الحق کا کڑ عوام دوستی کا ثبوت دیتے ہوئے فی الفور اپنی پہلی فرصت میں عوام پر گرائے گئے مہنگائی کے بم کو فور اڈی فیوز کریں، اوربجلی کے بلوں، گیس کے بلوں میں اضافے کو ختم کر کے عوام کی دعائیں سمیٹیں اور اللہ کے حضور اپنے آپ کو سرخرو کریں،صارفین بجلی نے مزید کہا کہ جب تک مہنگائی کم نہیں ہوتی اور بجلی سستی نہیں ہوتی اس وقت تک ہم اللہ تعالی کے حضور صبح و شام موجودہ حکمرانوں اور واپڈا کے افسران و عملے کو بد دعا میں دیتے رہیں گے کیونکہ ہمارے گھروں میں فاقوں کی نو بت آگئی ہے، جس نے ہماری زندگیوں کو اجیرن بنا دیا ہے۔