جہلم(چوہدری عابد محمود +سید ناصر حسین شاہ)جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں غیر قانونی طور پرمقیم افغانی افراد کودی گئی مہلت ختم ہونے پر انخلاء کیمپ کے اندر اور باہر پولیس تعینات کر دی گئی، جس کے بعد انخلا کے لیے ضلع بھرمیں آپریشن شروع کیا گیا۔ شہر سمیت ضلع بھر میں غیر قانونی طور پر مقیم افراد کو واپس افغانستان جانے کے لیے وفاقی حکومت کی جانب سے دی گئی مہلت31 اکتوبر کو ختم ہوگئی تھی، جس کے بعد تاحال غیر قانونی طور پر رہائش پذیر غیر ملکیوں کی واپسی کے لیے ضلع بھر میں آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ شہر سمیت ضلع بھر میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے لیے بنائے گئے انخلاء کیمپ پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی جا چکی ہے۔ غیر ملکی تارکین وطن کوجی ٹی روڈ کالج میں رکھا جارہا ہے۔ اس دوران واپسی کے لیے اندراج نہ کروانے والوں اور چھپ کر غیر قانونی طور پر رہنے والوں کے انخلا کے لیے بھر پور آپریشن کیا جارہا ہے۔ ذرائع کے مطابق شہر سمیت ضلع بھر میں 404 خاندان ایسے ہیں جو غیر قانونی طور پر پچھلی کئی دہائیوں سے رہائش پذیر ہیں جبکہ 909 خاندان ایسے ہیں جو کہ نادرا میں رجسٹرڈ ہیں، ان میں ایسے افراد بھی موجود ہیں جن کا رواں سال جون میں رجسٹریشن کارڈ کی معیاد ختم ہو گئی تھی اور انہوں نے دوبارہ رجسٹریشن کے لئے نادرا سے رجوع نہیں کیا۔جس کیوجہ سے ایسے افراد بھی غیر قانونی تصور کئے جائیں گے، اس طرح گزشتہ رات پولیس نے چھاپے مارکر 96 افراد کو حراست میں لئے گئے جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں پولیس نے گزشتہ رات پنڈدادنخان، جلالپور شریف،لِلہ،دینہ اور جہلم شہر کے علاقوں میں آپریشن کیا تھا، انخلاء کیمپ میں 30 مرد،18 عورتیں اور 30 بچے مقیم ہیں۔گرفتار ہونے والے افغانیوں کو گزشتہ روز انخلاء کیمپ سے پشاور پہنچایا جائیگا جہاں سے تارکین وطن کو افغانستان کے لئے روانہ کر دیا جائیگا۔
0