0

جہلم آزاد امیدوار پی پی26 انجینئر ملک وارث اعوان نے بجلی کی قیمت میں 4 روپے 12 پیسے فی یونٹ کے ظالمانہ اضافے کو مسترد کر دیا

جہلم(چوہدری عابد محمود +چوہدری مہربان حسین)جہلم آذاد امیدوار پی پی26 انجینئر ملک وارث اعوان نے بجلی کی قیمت میں 4 روپے 12 پیسے فی یونٹ کے ظالمانہ اضافے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ عوام پر ظلم ہے، اس عوام دشمن فیصلے کو واپس لیا جائے۔ حکومت نے مہنگائی کی ستائی عوام پر بجلی بم گراکر لوگوں کا معاشی قتل کیا ہے۔ ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مدمیں 4 روپے 12 پیسے فی یونٹ کا اضافہ سراسر ظلم کی انتہا ء ہے۔نگران حکومت سابقہ حکومتوں کا تسلسل ثابت ہورہی ہے جس نے آئی ایم ایف سے قرضوں کے حصول کیلئے عوام کو مہنگائی، بے روزگاری کی چکی میں پیس کر رکھ دیا ہے۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے بجلی کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافہ کے خلاف جہلم پریس کلب کے نمائندہ وفد سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انجینئر ملک وارث اعوان نے مزید کہا کہ موجودہ حالات میں عوام شدید معاشی بحران کا شکار ہے، لوگوں کیلئے زندگی گزارنا مشکل ہو گیا ہے، روزانہ کی بنیاد پر ٹیکسزمیں اضافہ ہو رہا ہے، بچوں کی تعلیم اور علاج مشکل ہو تا جا رہا ہے،اوپر سے نگران حکومت نے بجلی اتنی مہنگی کردی ہے کہ صارفین دھاڑیں مار مار کر رو رہے ہیں۔انہوں نے نگران وزیراعظم سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ عوام مہنگائی، بے روزگاری اور آئی ایم ایف کے غلام حکمران طبقے سے نجات کیلئے الیکشن میں ”آذادامیدواروں ” کو کامیاب بنائیں تاکہ عوام کے بہتر مستقبل کے لئے فیصلے کئے جاسکیں۔