0

جناح ہاوس حملہ کیس: حسان نیازی کو ٹرائل کے لئے فوج کے حوالے کردیا گیا

حسان نیازی
لاہور ہائیکورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کے بھانجے حسان نیازی کی اپنے والد سے ملاقات کے لیے سرکاری وکیل کو مہلت فراہم کرتے ہوئے درخواست گزار کے وکیل کی استدعا پر سماعت ملتوی کردی ہے۔

جب کہ وکیل فیض اللہ نیازی نے کہا کہ حسان نیازی کو عدالت نے اپنے پاس طلب کیا تھا، تھانہ سرور روڈ پولیس نے حسان نیازی کو ازخود گرفتار کرکے ملٹری عدالت کےسپرد کردیا ہے۔

لاہور میں حسان نیازی کے وکیل فیض اللہ نیازی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ حسان نیازی کو قانونی جواز کےبغیر ملٹری عدالت پیش کیا گیا، ملٹری عدالت پیش کرنے کے لئے عام عدالت کی اجازت قانونی تقاضا ہے۔

فیض اللہ نیازی نے کہا کہ حسان نیازی کو عدالت نے اپنے پاس طلب کیا تھا، تھانہ سرور روڈ پولیس نے حسان نیازی کو ازخود گرفتار کرکے ملٹری عدالت کےسپرد کردیا ہے۔

حسان نیازی کی والد سے ملاقات کے لئے سرکاری وکیل کو مہلت

گزشتہ روز چیئرمین پی ٹی آئی کے بھانجے حسان نیازی کے والد حفیظ اللہ نیازی نے بیٹے کو حبس بے جا میں رکھنے کے خلاف اور بازیابی سے متعلق لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔

لاہور ہائیکورٹ نے حسان نیازی کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے آئی جی پنجاب اور سی سی پی او لاہور سے جواب طلب کیا تھا۔

حسان نیازی کی بازیابی کے لیے دائر درخواست پر آج بھی سماعت ہوئی، اور سرکاری وکیل نے ملزم سے متعلق رپورٹ عدالت میں پیش کرتے ہوئے بتایا کہ حسان نیازی جناح ہاؤس حملے کیس میں مرکزی ملزم ہیں۔

عدالت نے سرکاری وکیل کو حکم دیا کہ متعلقہ اتھارٹی سے پوچھ کر بتائیں دونوں باپ بیٹے کی ملاقات ہوسکتی ہے۔

 

عدالت نے حسان نیازی کی والد سے ملاقات کے لیے سرکاری وکیل کو مہلت فراہم کردی، اور درخواست گزار کے وکیل کی استدعا پر سماعت 2 بجے تک ملتوی کردی گئی۔

واضح رہے کہ عمران خان کے بھانجے حسان نیازی عسکری ٹاور اور جناح ہاؤس مقدمے میں نامزد ہیں، اور اس وقت بلوچستان پولیس کی زیرحراست ہے۔

حسان نیازی کے والد حفیظ اللہ نیازی نے عدالت سے استدعا کی کہ بیٹے کو بازیاب کرکے عدالت میں پیش کیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں