جہلم(چوہدری عابد محمود +سید مظہرعباس)جہلم کے علاقہ بیگ پور(بجاڑ) میں الخلیل ویلفیئر سوسائٹی کے زیر اہتمام مبارک دار شفقت کے نام سے یتیم خانے کی عمارت کا سنگِ بنیاد رکھ دیا گیا۔اس موقع پر صدر ویلفیئر سوسائٹی نور احمدسجاد حسین،جنید گجر، کامران غفور،ملک سجاد حسین،محمد جمیل بھٹہ،سجاول خان،جلیس بٹ اور ملک شاہد شامل تھے۔یہ یتیم خانہ جہلم شہر سے محض 7 کلومیٹر دوری پر واقع ہوگا۔جس میں طلباء کو دینی تعلیم کے ساتھ ساتھ دنیاوی تعلیم سے بھی آراستہ کیا جائیگا۔ابتدائی طور پر ضلع جہلم کے رہائشی نادار مستحق مساکین اور یتیم بچوں کو اس ادارے میں داخلہ دیا جائے گا۔اس موقع پر صدر ویلفیئر سوسائٹی نے کہا یہ علاقہ انتہائی پسماندہ ہے اور لوگ بنیادی ضروریات سے محروم ہیں تعلیم صحت کا فقدان ہے اور ہم یہ چاہتے ہیں کہ اس پسماندہ علاقے میں غریب لوگوں کے بچوں کومفت تعلیمی سہولیات مہیا کی جائیں۔انہوں نے کہا کہ صاحب حیثیت حضرات کو چاہیے کہ اس کارِ خیر میں ہمارے ساتھ شامل ہوں یہ کوئی آسان کام نہیں بچوں کی پرورش اور ان کو تعلیمی زیور سے آراستہ کرنا انتہائی حساس کاموں میں سے ایک ہے اور ہم نے اللہ کا نام لے کر یہ بیڑا اٹھایا ہے آپ لوگوں سے تعاون کی امید کی جاتی ہے تاکہ اس دائرہ کار کو مزید وسیع کیا جائے، اس موقع پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اہل علاقہ کو چاہیے کہ وہ اس یتیم خانے کو ایک مثالی ادارہ بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔
0